• news

بھارتی افواج کو جدید اور ہلکے ہتھیاروں کی کمی کا سامنا: انڈین میڈیا کی رپورٹ

نئی دہلی(اے پی پی) بھارت کی بری فوج کو جدید اور ہلکے ہتھیاروں کی کمی کا سامنا ہے اور یہ معاملہ آرمی کمانڈرز کی گزشتہ ہفتے ہو نے والی کانفرنس میں بھی زیرغور آیا، بھارتی فوج کی بٹالینز کو ہلکے اسلحہ کی فراہمی کا منصوبہ تاخیر کا شکار ہورہا ہے۔ پیر کو بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت کی 12 لاکھ فوج کو آٹھ لاکھ 18ہزار 500 ’’نیو جنریشن رائفلز‘‘4 لاکھ 18 ہزار300 ہلکی خودکار رائفلوں، 43 ہزار 700 ہلکی مشین گنوں اور 5679 سنیپر رائفلز کی ضرورت ہے۔ فوج کو جدید اسلحے سے لیس کرنے کے منصوبہ میں ہونے والی تاخیر کا معاملہ بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت کی زیر صدارت آرمی کمانڈرز کانفرنس میں بھی زیربحث آیا۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ فوج کو جدید غیر ملکی اسلحہ سے لیس کرنے کا منصوبہ ایک دہائی قبل بنایا گیا تھا۔ ان ہتھیاروں میں بھارتی فضائیہ اور بحریہ کیلئے کچھ اسلحہ بھی شامل ہے۔ بھارت میں ملکی اور غیرملکی ٹیکنالوجی کے تبادلے کے پروگرامز کی ناکامی کے بعد بھارت کو اب غیر ملکی کمپنیوں سے بڑے پیمانے پر اسلحہ خریدنا پڑے گا۔

ای پیپر-دی نیشن