مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج انسانیت کے قتل عام میں ملوث ہے:راجہ فاروق حیدر
برسلز (صباح نیوز)وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارت کی طرف سے کالے قوانین کے نفاذ ،انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں ،عورتوں اور بچوں کے قتل عام،نہتے عوام پر مہلک ہتھیاروں کے استعمال ،ہزاروں گمنام قبروں کی تحقیقات کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے ،مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں گمنام قبروں کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ قابض بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میںانسانیت کے قتل عام میں ملوث ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں گمنام قبریں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا بہت بڑا سکینڈل ہے جس کی عالمی سطح پر تحقیقات ہونی چاہیں قابض بھارتی افواج نے لائن آف کنٹرول کی دونوں اطراف میں سویلین افراد کوشہید کرنا شروع کر رکھاہے۔ قابض افواج خواتین اور بچوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ رواں سال کے دوران قابض بھارتی افواج نے سینکڑوں مرتبہ لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی بھارتی جارحیت کے نتیجہ میں رواں سال کے دوران 38افراد شہید ہوئے جن میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے جبکہ بھارتی جارحیت کی نتیجہ میں رواں سال کے دوران 227افراد زخمی ہوئے 46مکانات تباہ ہوئے بھارت ایل او سی پر سویلین آبادی کو نشانہ بنا کر جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔ لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف میں بھارتی فوج کا نشانہ کشمیری خواتین اور بچے ہیں جس سے ظاہر ہوتاہے کہ وہ منظم منصوبہ بندی کے تحت کشمیریوں کی نسل کشی کر رہاہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یورپی پارلیمنٹ کے ممبران کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر بریفنگ دیتے ہوئے کیا وزیراعظم نے برسلز میں یورپی پارلیمنٹ کی طاقتور ترین کمیٹی انسانی حقوق کمیٹی برائے یورپی پارلیمنٹ کی سب کمیٹی کے سربراہ مسٹر پن زاری ،ممبر آف سول رائٹس کمیٹی یورپی پارلیمنٹ مسٹر فے تیور ،سربراہ ہیومن رائٹس ود آئوٹ بارڈر بیلجیم و ممبر برسلز پارلیمنٹ مسٹر ڈینیل کرائون ممبر یورپین پارلیمنٹ مسٹر سائمن ،ممبر سول رائٹس کمیٹی یورپین پارلیمنٹ مسز اینا گونز ،ممبر یورپی پارلیمنٹ مس جولی ،ممبر یورپی پارلیمنٹ واجد خان ،ممبر یورپین پارلیمنٹ سجاد حیدر کریم ،سابق ممبر یورپین پارلیمنٹ مسٹر ہلٹن اور دیگر شخصیات سے ملاقات کی اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر کے ہمراہ سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق ،ممبر اسمبلی جاوید اقبال ،علی رضا سید ،سابق سفیر یورپی یونین انتھونی پارکر بھی موجود تھے بیلجیم میںپاکستانی سفارت خانے کی طرف سے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا ۔