• news

ترک خاندان ملک بدر، لاہور ہائیکورٹ نے اساتذہ شہریوں کو ہراساں کرنے سے روکنے کے حکم امتناعی میں ایک دن کی توسیع، رپورٹ طلب کر لی

لاہور (وقائع نگار خصوصی + آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے ترک شہریوں اور اساتذہ کو ہراساں کرنے سے روکنے کے حکم امتناعی میں ایک دن کی توسیع کرتے ہوئے ترک شہریوں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے عدالتی حکم پر عمل درآمدکی رپورٹ طلب کر لی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے موقف اختیار کیا پاکستان میں مقیم اردگان کے سیاسی مخالفین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ پاکستان میں مقیم ترکوں کو عالمی معاہدوں کے تحت تحفظ حاصل ہے۔ انہوں نے بتایا وفاقی حکومت عدالت میں ترک ٹیچرز کو بے دخل نہ کرنے کی یقین دہانی کرا چکی ہے۔ عدالت میں یقین دہانی کے باوجود ترک ٹیچر میسوت کاسماز کی فیملی کو اٹھاکر لاپتہ کر دیا گیا۔ ترک ٹیچر کی فیملی کو پاکستان بدر کرنے کیلئے خوفزدہ کیا جا رہا ہے۔ ترک ٹیچر کی فیملی کو پاکستان بدر کرنے کیلئے ڈی پورٹ آرڈر بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جواب داخل کراتے ہوئے کہا گیا ترک خاندان کے لاپتہ ہونے اور ترک خاندان کی حساس اداروں کی تحویل جاننے کیلئے خط لکھا ہے۔ انہوں نے استدعا کی تفصیلی رپورٹ آنے تک سماعت ملتوی کی جائے۔ جس پر عدالت نے سماعت آج تک ملتوی کر دی۔ آن لائن کے مطابق حکومت پنجاب نے ترکی کے شہری اور پاک-ترک سکولز اور کالجز سسٹم کے سابق نائب صدر میسوت کاجماز کو ان کی اہلیہ اور بیٹیوں سمیت ملک بدر کر دیا۔ پاک-ترک سکول کے سابق ریجنل ڈائریکٹر اورہان نے بتایا میسوت کاسماز کی بیٹی نے انہیں کراچی سے بذریعہ ٹیلی فون اطلاع دی کہ ان کے والدین کو اسلام آباد سے ملک بدر کردیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا مذکورہ فیملی کو اسلام آباد ہوائی اڈے پر ترکش پولیس کے حوالے کیا گیا جو خصوصی طیارے سے پاکستان پہنچے تھے۔ اورہان نے بتایا میسوت کاسماز کی بیٹی کراچی سے ترکی روانہ ہوچکی ہیں جو ترکی میں اپنے دادا اور دادی کے ہمراہ رہیں گی۔ پاک-ترک سکول کے سابق پرنسپل محمت علی سرکاری نے تصدیق کی میسوت کاسماز کو خاندان سمیت ملک بدر کردیا گیا ہے جس کی اطلاع انہیں میسوت کاسماز کی بیٹی ہما نے دی۔ اورہان نے ترک فیملی کو ملک بدر کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’انہیں یقین نہیں آرہا معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہونے کے باوجود ایسا اقدام اٹھایا گیا‘۔

ای پیپر-دی نیشن