حکمرانوں کی معیشت بہتر، عوام کی حالت ابتر ہو گئی: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی معیشت بہتر جبکہ عوام کی حالت ابتر ہو چکی ہے۔ عام آدمی نان شبینہ کے لئے پریشان ہے۔ 80فیصد آبادی کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں پڑھے لکھے بے روزگاروں کی فوج ظفر موج اپنے خاندانوں پر بوجھ بن رہی ہے۔ ملک کے داخلی اور خارجہ حالات نا قابل بیان حد تک خرابی کا شکار ہیں جبکہ وزیر داخلہ کہتے ہیں کہ ملک کی معاشی صورتحال تسلی بخش ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف وفود سے گفتگو میں کیا۔ ملک کی آدمی آبادی خط غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہے۔ زرعی اور صنعتی پیداوار خطے کے تمام ممالک سے نیچے جا چکی ہے۔ پانی کا شدید بحران سر پر کھڑا ہے۔ در آمدات تیزی سے بڑھ مرہی ہیں برآمد ات نہ ہونے کے برابر ہیں، زر مبادلہ کے ذخائر تیزی سے کم ہو رہے ہیں ۔ عوام کو تعلیم ،صحت اور روز گار کی سہولتیں دستیاب نہیں ہیں۔ ان حالات میں حکمرانوںکی طرف سے ترقی کے دعوے فاقہ زدہ لوگوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔ علاوہ ازیں ایران کے نئے قونصل جنرل مجید صادقی دولت آبادی نے سراج الحق سے ملاقات کی۔ دونوں ملکوں کے تعلقات کے علاوہ علاقائی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان اور ایران سمیت خطے کے تمام مسلم ممالک کو سنگین خطرات لاحق ہیں اور ان کا مقابلہ باہمی اتحاد و یکجہتی کے ذریعے ہی کیا جاسکتا ہے۔ شیطا نی قوتیں ہمیشہ کی طرح بھائی کو بھائی سے لڑانا چاہتی ہیں۔ لیکن ہم سب کو کوشش کرنی چاہیے کہ مسلم ممالک کے مابین غلط فہمیاں اور اختلافات ختم ہوں۔