مغربی استعماری قوتوں نے ثقافتوں، لسانی گروہوں کی ہم آہنگی بگاڑنے کی کوشش کی: رضا ربانی
اسلام آباد(این این آئی) چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ اسلام محبت، امن اور بھائی چارے کا مذہب ہے اور مسلم اُمہ پُر امن بقاء باہمی پر یقین رکھتی ہے۔ مختلف عقائد اور ثقافتوں کے مابین امن اور ہم آہنگی کے فروغ کا پر چار کرنے والوں کو یہ بھی یاد رکھنا ہوگا کہ استعماری قابض قوتوں نے اپنے زیر قبضہ علاقوں میں خود ہی باہمی امن اور ثقافتی ہم آہنگی کو تباہ کیا۔ روس کے شہر سینٹ پٹرس برگ میں 137 ویں بین الپارلیمانی تنظیم کے اجلاس سے خطاب میں میاں رضاربانی نے کہا کہ دنیا میں آج بین العقائد ہم آہنگی اور مختلف لثانی گروہوں کے درمیان مباحثہ کے ذریعے امن کے فروغ پر زور دیا جارہا ہے۔ تاہم مغربی استعماری قوتوں نے ثقافتوں اور لسانی گروہوں کے درمیان پائی جانے والی ہم آہنگی کو اپنے مفاد کی خاطر بگاڑنے کی کوشش کی ہے جس سے لاقانونیت اور عدم استحکام نے جنم لیا ہے۔ بین الپارلیمانی تنظیم کے 137 ویں اجلاس میں دنیا بھر سے مختلف پارلیمانوں کے سربراہوں، ارکان پارلیمنٹ اور مندوبین شریک ہیں۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ میثاق مدینہ انسانی انسانی تاریخ کا پہلا دستوری مسودہ تھا جس میں مختلف اقوام کے مابین بقائے باہمی اور امن و بھائی چارے کا پیغام ملتا ہے اور اسلام نے بھی مفاہمت کا پیغام دیا ہے۔ کشمیر برصغیر پاک و ہند کی تقسیم کا ایک نا مکمل ایجنڈا ہے اور کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں ہونیو الے مظالم پر عالمی براداری کی خاموشی ایک بہت بڑا سوالیہ نشان اور عالمی قوتوں کا دوہرا معیار ہے۔ کشمیر اور فلسطین سمیت دہشت گردی اور شدت پسندی جیسے مسائل کا حل ہی امن کے قیام کا ضامن ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بین المذاہب ہم آہنگی اور ڈائیلاگ ہی مسائل پر قابو پانے کا واحد حل ہے۔