• news

دنیاکیلئے ٹرمپ کے اقدامات ،جوہری معاہدے سے علیحدگی کی دھمکی خطرناک ہے : ہلیری کلنٹن

واشنگٹن (آئی این پی)سابق امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے اقدامات خطرناک ہیں جو پوری دنیا کے لئے خطرے کا باعث بن سکتے ہیں۔دو ہزار سولہ میں امریکی کے صدارتی الیکشن میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مقابلے میں شکست سے دوچار ہونے والی ہلیری کلنٹن کا اپنے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ روسی صدر نے 2016 کے امریکی انتخابات میں براہ راست مداخلت کرتے ہوئے روسی انتظامیہ کو ان کے مقابلے میں ڈونلڈ ٹرمپ کو کامیابی دلانے کی ہدایت دیں۔ان کا کہنا تھا کہ پیوٹن نے امریکہ کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی اور وہ امریکہ کے لیے کسی خطرے سے کم نہیں۔ ہلیری کلنٹن کا کہنا تھا کہ یقینی طور پر روسی صدر نے کچھ کامیابیاں ضرورحاصل کی ہوں گی لیکن امریکی انتظامیہ کی جانب سے کی جانے والی سخت نگرانی نے ان کو ان کے مقاصد میں مکمل طور پر کامیاب ہونے نہیں دیا۔سابق وزیر خارجہ نے ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کو امریکہ کے لئے دنیا میں عدم اعتمادی کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کے غلط اور مضحکہ خیز اقدامات دنیا بھر میں امریکی عوام کے لئے باعث ندامت ہیں۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے سے علیحدگی اختیار کرنے کی دھمکی کو خطرناک قرار دیتے ہوئے ہلیری کا کہنا تھا کہ امریکی صدر عالمی سطح پر امریکہ کو بدعہد اور بداعتماد بنا کر پیش کر رہے ہیں جس سے امریکہ کے دوسرے ملکوں کے ساتھ وعدوں کی ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا اور اس جیسے دوسرے مسائل سفارتی طور پر حل کئے جانے چاہئیں۔

ای پیپر-دی نیشن