فوجی ترجمان اور وفاقی وزرا میں بیان بازی جمہوریت کیلئے خطرہ ہے: پیر اعجاز ہاشمی
لاہور (خصوصی نامہ نگار)جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ فوجی ترجمان اور وفاقی وزرا کے درمیان بیان بازی جمہوری نظام کے لئے خطرنا ک ثابت ہوسکتی ہے۔ اداروں میں اختلاف رائے اپنی جگہ انہیں عوامی اجتماعات اور میڈیا کے سامنے نہیں لانا چاہیے۔ کمزور معیشت کے ذمہ داردونوں ہیں۔ اگر فوجی ترجمان کا دعویٰ ہے کہ معیشت کمزور ہے تو اس کی وجہ یہ ہے کہ ملک میں دہشت گردی پر قابو نہیں پایا گیا، عالمی برادری کااعتماد ہمارے سکیورٹی اداروں پر بحال نہیں ہوسکا۔ جبکہ دوسری طرف وفاقی وزار اورخود وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو بھی سوچنا چاہیے کہ انہوں نے کونسی معیشت بہتر کی ہے؟ قوم قرضوں کے بوجھ تلے دہنستی چلی جارہی ہے۔