• news

10 ارب کی پیشکش کر کے کم قیمت لگائی گئی‘ اقتدار میں آکر ادارے ٹھیک کرینگے: عمران

مالاکنڈ+ اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ طاقتور اور کمزور کیلئے الگ قانون سے قومیں تباہ ہو جاتی ہیں، پنجاب اور سندھ میں 6، 6 باریاں لینے والے پولیس کیوں نہ ٹھیک کرسکے، ایک سال دھرنے اور دوسرا پانامہ میں نکل گیا، دو سال کے تجربے سے کہتا ہوں ملک بہت جلد ٹھیک ہوسکتا ہے۔ گورننس اور میرٹ کمزور ہو تو ملک تباہ ہوجاتا ہے۔ عمران خان نے مالاکنڈ یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورننس اور لیڈر شپ ایک دوسرے سے منسلک ہیں۔ ان کو سمجھنا ضروری ہے۔ پاکستان ایشیاء میں سب سے زیادہ ترقی کر رہا تھا۔ پی آئی اے 330 ارب روپے کا نقصان کر رہی ہے، جب گورننس ٹھیک نہ ہو تو ادارے تباہ ہو جاتے ہیں، ملک تب تباہ ہو تا ہے جب ملک کے ادارے تباہ ہو جاتے ہیں، ملک کا سربراہ پکڑے جانے پر یہ نہیں کہتا کہ مجھے کیوں نکالا، طاقتور اور کمزور کیلئے الگ قانون سے قومیں تباہ ہو جاتی ہیں، سوئٹزرلینڈ کا گورننس سسٹم بہترین ہے، یہاں ایک ملزم چالیس گاڑیوں کے پروٹوکول پر احتساب عدالت میں آتا ہے۔ ادارے میرٹ کا نظام لائیں تو ملک آگے نکل جاتا ہے، اوپر جانے والے معاشرے میں انصاف اور میرٹ کا نظام اچھا ہوتا ہے۔ مغرب میں جمہوریت آگے بڑھی اور یہاں بادشاہت، بادشاہت میں رشتوں کی وجہ سے لوگ اوپر جاتے ہیں۔ سارے اداروں کو ٹھیک کرنا کوئی مشکل کام نہیں ہے۔ خیبر پی کے حکومت کا ایک سال دھرنے میں ایک سال پانامہ میں نکل گیا ۔ تجربے سے کہتا ہوں سارا ملک بہت جلد ٹھیک ہو سکتا ہے، پاکستان میں کبھی حقیقی جمہوریت نہیں آئی۔ آئی جی سندھ نے کہا خیبرپی کے جیسا پولیس نظام چاہیے، پنجاب اور سندھ میں باریاں لینے والے پولیس ٹھیک نہیں کر سکے۔ خیبرپی کے کی پولیس میں سیاسی مداخلت ختم کی۔ پاکستان میں ایک دن کی کرپشن12ارب روپے ہے، اگلا الیکشن تحریک انصاف جیتے گی، کے پی کے میں جرائم 70فیصد کم ہوئے ہیں، پاکستان آج قرضوں میں ڈوبا ہوا ہے،پی ٹی آئی اقتدار میں آ کر پہلے نیب اور ایف بی آر کو ٹھیک کرے گی، نیب کو بڑے بڑے سیاستدانوں پر ہاتھ ڈالنے کیلئے ٹھیک کریں گے، پاکستان میں تین نظام تعلیم ہیں امیر کیلئے الگ اور غریب کیلئے الگ، شہبازشریف نے مجھے پانامہ کیس سے پیچھے ہٹنے کیلئے 10 ارب کی پیشکش کرکے کم قیمت لگائی، بانی ایم کیو ایم کے کہنے پر 12مئی کو 50لوگوں کو قتل کیا گیا۔ آصف زرداری، فریال تالپور نے ایک ارب روپے کا مجھ پر ہرجانہ کیا۔ آصف زرداری کا ہرجانے کا دعویٰ قیامت کی نشانی ہے جو خود کو مظلوم ظاہر کرتا ہے وہ ہارا ہوا انسان ہوتا ہے۔انہوں نے کہا بچوں کو تباہ کرنا ہے تو انہیںآسان اور پرآسائش زندگی دے دیں۔ قائداعظم نے سو سال پہلے دیکھ لیا تھا، آپ آج مودی کے ہندوستان کو دیکھ رہے ہیں، جدوجہد سے عادی زندگی تباہی کے سواکچھ نہیں، جس کے جتنے زیادہ دشمن ہوں سمجھ جائیں وہ اتنا بڑا لیڈرہے، مجھ پر کئی سیاستدانوں نے اربوں روپے کے ہرجانے کے دعوے کر رکھے ہیں۔ علاوہ ازیں خیبرپی کے اساتذہ نے گزشتہ روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کی۔ عمران خان کی یقین دہانی پر خیبرپی کے اساتذہ نے بنی گالہ میں دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ اساتذہ نے سکولوں کا بائیکاٹ ختم کرنے کااعلان بھی کیا۔

ای پیپر-دی نیشن