لاہور میں ٹی ٹونٹی، پی سی بی کا ٹکٹ کی قیمت کم رکھنے پرغور
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین نجم سیٹھی نے سری لنکا کیخلاف لاہور میں کھیلے جانے والے ٹی ٹونٹی میچ کیلئے ٹکٹوں کی مالیت کم رکھنے کی ہدایت کر دی ۔ اس سلسلہ میں پی سی بی کے عہدیداران کے مابین مشاورت ہورہی ہے۔ اکثریت ٹکٹ کی قیمت کم رکھنے کی خواہش مند ہے۔ ورلڈ الیون کیخلاف سیریز کیلئے ٹکٹوں کی مالیت 500 روپے سے 8 ہزار روپے رکھی گئی تھی جس پر شائقین کرکٹ نے شدید تنقید کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹ بورڈ نے ٹکٹوں کی مالیت کم رکھنے پر غور شروع کردیا اور شعبہ مارکیٹنگ مالیت کم رکھنے سے متعلق رپورٹ چیئرمین پی سی بی کو دے گا۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں سری لنکا کے خلاف 29 اکتوبر کو کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی میچ کیلئے ٹکٹ 500 سے 5ہزار روپے رکھے جانے کا امکان ہے۔