جمہوریت کو فوج سے نہیں، لٹیروں سے خطرہ ہے: شاہ محمود
عمرکوٹ (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے عمرکوٹ میں دوسرے روز بھی مصروف دن گزارا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جمہوریت کو فوج سے نہیں بلکہ لٹیروں اور ایجنٹ مافیا خطرہ سے ہے ۔ شاہ محمود قریشی نے منگل کو عمرکوٹ ضلع کے مختلف علاقوں میں ان کے اعزاز میں رکھی گئی تقریبات میں شرکت کی۔ اس موقع پر میڈیا گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ٹیکنوکریٹ کی حکومت کی افواہیں نواز شریف گروپ پھیلا رہا ہے۔ آڈیٹر جنرل پاکستان کہتے ہیںکہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ٹینڈر میں 470 ارب روپے کی خورد برد ہوئی ہے جس کا پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے خورشید شاہ کو نوٹس لینا چاہئے۔ عمرکوٹ میں میرے حامیوں کے خلاف انتقامی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے وزیراعلی سندھ سے مخاطب ہو کر کہا کہ مجھے جتنا روکو گے میں اتنی شدت سے واپس آئوں گا۔ وہ حکومت کے احتساب بل کو رد کر چکے ہیں اور وہ ایسا احتساب بل لانا چاہتے ہیں جو لٹیروں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرے۔