لاکھوں روپے مالیت کے 9 فالکن قطر سمگل کرنے کی کوشش ناکام، قطری شہری گرفتار، 10 لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا گیا
لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاکھوں روپے مالیت کے 9 فالکن قطر سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا کر قطری شہری کو گرفتار کر کے 10 لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب خالد عیاض خان کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف گوجرانوالہ ریجن عبدالشکور منج کی سربراہی میں تشکیل دئیے گئے ویجیلنس سکواڈ نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کارروائی کرکے لاکھوں روپے مالیت کے 9 پیری گرین فالکن سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی اور قطری شہری احمد حسین علی محمد السادہ کو گرفتار کر کے 10 لاکھ روپے محکمانہ معاوضہ وصول کر لیا ہے۔ یاد رہے کہ محکمہ کی تاریخ میں آج تک اتنی بڑی رقم بطور محکمانہ معاوضہ وصول نہیں کی گئی۔