عمر خراسانی ہلاک: دہشت گرد ٹھکانوں پر پاکستان سے نرمی نہیں کریں گے‘ بھارت معاونت کر سکتا ہے: امریکہ
واشنگٹن/ اسلام آباد (آن لائن+ نمائندہ خصوصی) اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی نے کہا ہے کہ بھارت امریکہ کو پاکستان پر گہری نظر رکھنے اور ملک کو دہشتگردوں کے لئے محفوظ پناہ گاہ ہونے کے حوالے سے بھرپور معاونت فراہم کر سکتا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق واشنگٹن میں امریکہ بھارت دوستی کونسل کی جانب سے منعقد کی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ کا افغانستان اور جنوبی ایشیا میں مفاد دہشتگردوں کے محفوظ ٹھکانوں کا خاتمہ ہے جو کہ امریکی سلامتی کے لئے سنگین خطرہ بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا ہم جوہری ہتھیار بھی دہشتگردوں کے ہاتھ نہ لگنے کے خواہاں ہیں۔ ہم اہداف کے حصول کے لئے اپنی قومی طاقت کے تمام اقتصادی سفارتی اور عسکری عناصر کا بھرپور استعمال کرینگے۔ انہوں نے کہا صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان میں دہشتگردوں کے محفوظ ٹھکانوں کے دفاع کے حوالے سے سخت پالیسی اپنائی ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان امریکہ کا زبردست اتحادی ہے اور ہم اسکی قدر کرتے ہیں تاہم دہشتگردوں کے محفوظ ٹھکانوں کے حوالے سے پاکستان کیساتھ کوئی نرمی نہیں برتیں گے۔ انہوں نے کہا امریکہ کو محفوظ افغانستان کے لئے بھارت کے مدد درکار ہے کیونکہ نئی دہلی نہ صرف کابل کی تعمیر نو میں اہم کردار ادا کررہا ہے بلکہ یہ ملک ہمیں پاکستان پر گہری نظر اور دہشتگردوں کے محفوظ ٹھکانوں کے خاتمے میں بھی بھرپور معاونت فراہم کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک خوشحال اور مستحکم افغانستان کے لئے بھی دہشتگردی کے انفراسٹرکچر کو مکمل طور پر تباہ کرنا ضروری ہے اور اب بھارت کے تعاون سے ہی ممکن ہوسکتا ہے۔ علاوہ ازیں امریکی وزیر خارجہ ٹلرسن نے کہا ہے کہ امید ہے پاکستان اپنے علاقوں میں دہشت گردوں کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کرے گا، دہشت گردی کیخلاف جنگ ہر مہذب قوم کی ذمہ داری ہے۔ امریکہ بھارت کو مزید بہتر دفاعی صلاحیتوں کا حامل دیکھنا چاہتا ہے۔ اگلے ہفتے بھارت کا دورہ کرنے کا ارادہ ہے۔ امریکہ اور بھارت کو مل کر کام کرنے کے مواقع کو مزید بڑھانا چاہتے ہیں۔ دہشت گردی کیخلاف امریکہ بھارت ساتھ ہیں۔ پچھلے دس برسوں میں دہشت گردی کیخلاف بھارت امریکہ تعاون بڑھا ہے۔ دریں اثناء امریکہ کے نائب صدر مائیک پنس نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو ٹیلی فون کیا ہے اور امریکی حکومت کی جانب سے مغویان کو بازیاب کرانے کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاک فوج کے پیشہ ورانہ معیار کی تعریف کی۔ امریکی نائب صدر نے انٹیلی جنس اداروں کے فوری ردعمل کو بھی سراہا۔ آپریشن میں امریکی شہری کیٹلان کولمین، ان کے خاوند اور بچوں کو طالبان کے قبضے سے بازیاب کرایا گیا تھا۔ امریکی نائب صدر نے دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ امریکہ خطے کی خوشحالی، امن کیلئے ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہے گا۔ وزیراعظم نے پاکستان کی سرزمین سے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پاکستان کے عزم کو دہرایا اور نائب صدر کو یقین دہانی کرائی کہ امریکہ کی طرف سے جو بھی قابل عمل انٹیلی جنس شیئر کی جائے گی اس پر کارروائی کریں گے۔ دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے امور میں اعلیٰ سطح کی انگیجمنٹ کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا کہ باہمی تعاون کو مستحکم کیا جائے۔ نائب صدر مائیک پنس نے وزیراعظم کی طرف سے دورۂ پاکستان کی دعوت قبول کر لی۔ دریں اثناء امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے بھی وزیر اعظم کو فون کیا اور مغویان کی بحفاظت بازیابی کا شکریہ ادا کیا۔
پشاور+ کابل (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت نیوز+ نیوز ایجنسیاں) کالعدم جماعت الاحرار کا سربراہ خالد عمر خراسانی ہلاک ہو گیا‘ خالد خراسانی گزشتہ روز افغانستان میں ڈرون حملے میں زخمی ہوا تھا اور پاکستان میں متعدد خودکش حملوں میں مطلوب تھا۔ تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا اور وہ مہمند ایجنسی کا رہنے والا تھا۔ خالد خراسانی کا دھڑا کالعدم ٹی ٹی پی کا ایک طاقتور دھڑا سمجھا جاتا تھا جس کے ’’را‘‘ اور این ڈی ایس سے روابط تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خالد عمر خراسانی کی جگہ عمر عثمان منصور فیض اللہ کو کالعدم جماعت الاحرار کا نیا امیر مقرر کردیا گیا ہے۔ عمر خالد خراسانی آرمی پبلک سکول اور چارسدہ کی باچا خان یونیورسٹی پر حملے کا ماسٹر مائنڈ تھا۔ افغانستان میں ڈرون حملے میں ہلاکت کی کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان محمدی خراسانی نے تصدیق کر دی۔ وہ عبدالعربی اور عمر نرے کے نام سے بھی جانے جاتے تھے۔ کالعدم تحریک طالبان میں شمولیت سے قبل 2007ء میں وہ کراچی میں مزدوری کرتے رہے۔ گزشتہ برس جولائی میں بھی انکے مارے جانے کی اطلاعات تھیں لیکن ٹی ٹی پی نے تصدیق نہیں کی تھی۔ پہلی بار ٹی ٹی پی نے باقاعدہ مارے جانے کی تصدیق کی ہے۔ حکومت اور فوج کی طرف سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ پشاور سکول پر حملے میں جسکا بیٹا مارا گیا وہ طفیل خان ہیں جنہوں نے کمانڈر کی ہلاکت پر کہا ساری دنیا اسکی ہلاکت پر خوش ہے۔