کراچی میں امن کیلئے بھرپور اقدامات کرینگے: وزیراعظم، ایم کیو ایم وفد کی ملاقات
اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ کراچی میں امن و امان کو ہر صورت برقرار رکھنے کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں گے، کراچی کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، وزیر اعظم ترقیاتی پیکیج کے تحت فنڈز کا فوری اجرا یقینی بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاکٹر محمد فاروق ستار کی قیادت میں ایم کیو ایم پاکستان کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے وزیر اعظم سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ متحدہ کے عامر خان، کنور نوید، وسیم اختر اور کامران ٹیسوری جبکہ وزیرِ داخلہ احسن اقبال، وزیرِ ریلوے خواجہ سعد رفیق، گورنر سندھ محمد زبیر، سینٹر سلیم ضیائ، مفتاح اسمٰعیل اور صدر مسلم لیگ ن کراچی ڈویژن منور رضا بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات میں کراچی اور حیدرآباد کے حوالے سے وزیرِاعظم ترقیاتی پیکج کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ فنڈز کا اجرا ماہ رواں میں یقینی بنایا جائے گا اور منصوبوں پر فی الفور کام شروع کیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیرِاعظم نومبر میں حیدر آباد یونیورسٹی کا سنگِ بنیاد بھی رکھیں گے۔ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے کے ایم سی کے حوالے سے حکومتِ سندھ کے عدم تعاون کی شکایت کی۔ وزیرِاعظم پاکستان نے کہا کہ حکومت ملک میں ہر سطح کے منتخب جمہوری اداروں کا احترام کرتی ہے بلدیاتی اداروں کا ملک کی ترقی میں اہم کردار ہے۔ جس کے لئے صوبائی حکومت کی توجہ مبذول کرائی جائے گی۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ حکومت نے کراچی کی ترقی کے لئے ریکارڈ پیکج منظور کیا ہے اور سابق وزیرِ اعظم محمد نواز شریف کے تمام وعدے پورے کیے جائیں گے۔ اس موقع پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان میں جمہوریت کی مضبوطی کے لئے تمام جمہوری قوتوں کو اپنے اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لئے آئین کی بالا دستی اور جمہوری عمل کا تسلسل لازمی ہے۔ ملک کے تمام مسائل کا حل آئین، قانون اور پارلیمنٹ کی بالادستی میں مضمر ہے اور اس ضمن میں پارلیمان کی آئینی معیاد کا احترام ضروری ہے۔ وزیرِ اعظم نے وزیرِ داخلہ کو ہدایت کی کہ مقدمات کے حوالے سے ایم کیو ایم پاکستان کی شکایات کا جائزہ لیا جائے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے رکن قومی اسمبلی افتخار الدین نے ملاقات کی جس میں چترال کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ پاکستان کے دیگر صوبوں کی طرح گلگت بلتستان اور چترال کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے حکومت کوشاں ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ترقی پذیر ممالک کی تنظیم ڈی 8 سربراہ اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کے لئے (آج) جمعرات کو ترکی روانہ ہوں گے، ڈی 8 سربراہ اجلاس 20 اکتوبر کو منعقد ہوگا۔ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف سربراہ اجلاس سے قبل وزراء کونسل کے 17 ویں اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔