• news

سیف سٹی پراجیکٹ شفافیت کی مثال ہو گا‘ امن کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ضروری ہے: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ لاہور میں سیف سٹی پراجیکٹ پر تیزرفتاری سے کام کیا جا رہا ہے اور یہ منصوبہ تکمیل کی جانب برق رفتاری سے بڑھ رہا ہے۔ سیف سٹی پراجیکٹ شفافیت اور معیار کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہوگا اور اس منصوبے کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن ہوگی۔ امن عامہ کی فضا کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی ضرورت ہے۔ پنجاب حکومت تمام اداروں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے سیف سٹی پراجیکٹ موثر کردار ادا کرے گا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے یہ بات ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیف سٹی پراجیکٹ لاہور سمیت دیگر شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹس پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شہروں کو محفوظ بنانے اور جرائم پر قابو پانے کے حوالے سے سیف سٹی پراجیکٹس انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور اس منصوبے کو ٹیم ورک کے طورپر کام کرتے ہوئے پیشہ وارانہ انداز میں آگے بڑھایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ لاہور کے علاوہ پنجاب کے دیگر بڑے شہروں میں بھی سیف سٹی پراجیکٹس کے منصوبوں پر کا م جاری ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ منصوبے پر عملدر آمد کی رفتار کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھی جائے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت گزشتہ روز اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں تحصیل ہیڈ کوارٹرہسپتال رائیونڈ میں حاملہ خاتون کو داخل نہ کرنے اور ڈلیوری باہر ہونے کے واقعہ کی رپورٹ پیش کی گئی- وزیراعلیٰ شہبازشریف نے حاملہ خاتون کو ہسپتال میں علاج معالجہ مہیا نہ کرنے پر شدید برہمی کا اظہارکیا- وزیراعلی محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ غریب حاملہ خاتون کو اس کے حق سے محروم کر کے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا گیا ہے- ذمہ داروں کو اپنے کئے کی ضرور سزا ملے گی- وزیراعلیٰ نے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کاحکم دیا-انہوں نے کہاکہ میں نے 6مرتبہ اس ہسپتال کا دورہ کیا- وزراء صحت اور سیکرٹریز صحت نے بھی دورے کئے لیکن اس کے باوجود معاملات صحیح ڈگر پر نہیں آئے- انہوں نے کہاکہ اربوںروپے کے وسائل دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے دئیے گئے ہیں اس لئے نہیں کہ غریب مریضہ کو ہسپتال میں بروقت علاج معالجہ ہی میسر نہ ہو- غریب مریضہ کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ انتہائی افسوسناک ہے- انہوں نے کہاکہ محکمہ صحت کا موثر مانیٹرنگ کا نظام ہوتا تو یہ واقعہ پیش نہ آتا- میں اللہ تعالی اور عوام کو جوابدہ ہوں اور عوام نے جو ذمہ داری مجھے دی ہے اسے نبھانا میرا فرض ہے- اس افسوسناک واقعہ نے موجودہ نظام کی خامیوں کو بھی بے نقاب کیا ہے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے برٹش کونسل کا انٹرنیشنل ایوارڈ برائے تدریسی مہارت و علوم فنون جیتنے پر گورنمنٹ گرلز ہائی سکول گوجرہ کی ہیڈ مسٹریس اور طالبات کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کی طالبات میں بھرپور ٹیلنٹ موجود ہے اور پاکستانی طالبات نے ہمیشہ پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ مزید براں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے سینئر صحافی اور روزنامہ نوائے وقت کے سینئر سب ایڈیٹر منظر وحید کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

ای پیپر-دی نیشن