.احتساب عدالت کا نیا رجسٹرار تعینات، نواز شریف، مریم، کیپٹن صفدر کیخلاف ریفرنسز کی سماعت آج ہو گی
اسلام آباد (نامہ نگار+ این این آئی+ آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر، سابق وزیر اعظم نواز شریف، انکی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت آج جمعرات کو احتساب عدالت میں ہو گی۔ اس سلسلے میں سکیورٹی کے انتظامات کر لئے گئے ہیں۔ عدالت ملزمان پر فرد جرم عائد کرے گی۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کیس کی سماعت کے موقع پر سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں، رینجرز کی خدمات حاصل نہیں کی جائیں گی تاہم جوڈیشل کمپلیکس کے باہر کوئیک رسپانس فورس موجود رہے گی جبکہ کمرہ عدالت اور جوڈیشل کمپلیکس میں غیر متعلقہ افراد اور (ن) لیگ کے کیس سے تعلق نہ رکھنے والے وکلاء کے داخلے پر پابندی ہو گی، استغاثہ اور ملزم پارٹی کے 15,15 افراد جبکہ میڈیا کے بھی 15 نمائندے کمرہ عدالت جا سکیں گے۔ دریں اثناء ایاز زبیر کو اسلام آباد کی احتساب عدالت کا نیا رجسٹرار تعینات کر دیا گیا۔ ایاز زبیر اس سے پہلے انوائرنمنٹل پروٹیکشن ٹربیونل میں بطور رجسٹرار تعینات تھے۔ قائم مقام رجسٹرار خالد بھٹی کے چارج چھوڑنے کے بعد احتساب عدالت میں رجسٹرار کی سیٹ خالی تھی۔
احتساب عدالت/ پیشی
اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) حکومت اور نیب میں باہمی مشاورت سے آج اہم ریفرنسزکی سماعت کے موقع احتساب عدالت کے لئے سکیورٹی انتظامات کوحتمی شکل دے دی گئی ،حکومت کے ماتحت تمام سکیورٹی ادروں بشمول رینجرز کو الرٹ کو چوکنا کردیا گیا ہے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے قانون نافذ کرنے والے ادارے ’’کوئیک رسپانس‘‘کے ذمہ دار ہونگے جب کہ سابق وزیراعظم نوازشریف پر فرد جرم عائد کرنے سے متعلق کارروائی دو تین دنوں تک ملتوی ہونے کا امکان ہے نوازشریف کو 22اکتوبر تک استثنیٰ حاصل ہے مقدمات کی سماعت کے موقع پر ایف اور پولیس امن و امان کو برقراررکھنے کی ذمہ دار ہو گی۔ سکیورٹی کے معاملات پر عدالت،نیب اور انتظامیہ میں قریبی رابطہ رہے گاپولیس اورایف سی کے دستے تعینات ہونگے پولیس اور انتظامیہ کے اعلی حکام نے اس بارے میںجج احتساب عدالت محمد بشیر خان کو انتظامات سے آگاہ کیا ہے جب کہ سیکرٹری داخلہ نے چیئرمین نیب کو سکیورٹی انتظامات پر اعتماد میں لیا ہے سیکرٹری داخلہ ارشد مرزا نے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال سے آئی جی پولیس اور چیف کمشنر اسلام آباد کے ہمراہ ملاقات کی سکیورٹی معاملات پر حکومت نے نیب سے رائے لی ہے اور سکیورٹی انتظامات کوحتمی شکل دے دی گئی احتساب عدالت اور نیب سے وزارت داخلہ اور انتظامیہ و پولیس کے اعلی افسران کے سکیورٹی معاملات پر قریبی رابطوں کے طریقہ کار پر بھی مشاور ت کی گئی اس ضمن میں وزارت داخلہ نے متعلقہ افسران کو خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں نیب ریفرنسزمیں آج سابق وزیراعظم نواز شریف پیش نہیں ہوسکیں گے انھوں نے 14دنوں کا استثنٰی حاصل کر رکھا ہے عدالت کی طرف سے انھیں دی گئی استثنیٰ کے پیش نظر سماعت دوتین دنوں کے لئے ملتوی ہونے کا امکان ہے۔