• news

پاکستان کرکٹ بورڈ نے فروری میں ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ پاکستان سپر لیگ کے تیسرے سیزن کے چار میچ کراچی میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے

لاہور +کراچی (نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے فروری میں ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ پاکستان سپر لیگ کے تیسرے سیزن کے چار میچ کراچی میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ سے ملاقات میں میچوں کے انعقاد کے بارے میں آگاہ کیا۔وزیر اعلیٰ ہاو¿س میں ملاقات میں نجم سیٹھی نے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ کو بتایا کہ پی سی بی نیشنل سٹیڈیم کی بحالی پر کام کر رہا ہے اس حوالے سے نیشنل انجینئرنگ سروس پاکستان کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ سید مراد علی شاہ نے چیئرمین پی سی بی کو یقین دہانی کرائی کہ کھلاڑیوں اور شائقین کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائےگی اور یہ کہ کراچی ایک پرامن شہر ہے جہاں عالمی کرکٹ ہونی چاہیے۔وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے نجم سیٹھی کو پیشکش کی کہ اگر وہ چاہیں تو وہ ایئرپورٹ سے ہوٹل تک ٹیم کے ساتھ آ سکتے ہیں اور حکومت ٹیم کی مکمل دیکھ بال کرےگی۔وزیر اعلیٰ ہاو¿س کے ترجمان کے مطابق سکیورٹی کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے پی سی بی کے چیف سکیورٹی انچارج ریٹائرڈ کرنل اعظم خان، ڈائریکٹر جنرل رینجرز اور آئی جی سندھ میں ملاقات طے کی گئی۔وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کے بعد پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے نیشنل سٹڈیم کا دورہ کیا اور سٹیڈیم کا معائنہ کیا۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے میچز لاہور میں کرادیے اب کراچی کی باری ہے، وزیر اعلیٰ سندھ نے میچز کے لئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کر ائی ہے، وقت کم ہے 4 دن بعد آئی سی سی کی ٹیم کے سربراہ آرہے ہیں۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کے ساتھ ملاقات بہت اچھی رہی، انہوں نے یقین دلایا ہے کہ وہ ہمارے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔ ہم کراچی میں چار میچز کرانا چاہتے ہیں۔ کچھ وجوہات کے باعث کراچی میں میچ کرانا ممکن نہیں تھا، کراچی سٹیڈیم کا بہت براحال ہے، اس کو ٹھیک کرانے کاوقت آگیا ہے۔ نیشنل سٹیڈیم کا کام مرحلہ وار کرایا جائےگا۔ اس کودرست کرنے کیلئے ڈیڈھ ارب روپے مختص کیے ہیں۔ پہلے پی ایس ایل کے میچز کرائیں گے پھر انٹرنیشنل ٹیموں کو بھی لائیں گے۔ سندھ حکومت آئی سی سی کی ٹیم کو پلان سے آگاہ کرے گی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے سکیورٹی اور دیگرامور کے لیے ایک آدمی لگا دیا ہے۔ کراچی کی کرکٹ اکیڈمی کےلیے اقبال قاسم، سلیم جعفراور اعظم خان کے انٹرویو کیے ہیں، ون ڈے اور ٹیسٹ میں بھارت کو پاکستان سے کھیلنا ہوگا، اگر بھارت نہیں کھیلے گا تو اس کے پوائنٹس کٹ جائیں گے۔ بی سی سی آئی سے ایم او یو کے مطابق میچز نہیں ہوئے، ویسٹ انڈیزکی ٹیم پاکستان ضرور آئے گی۔

ای پیپر-دی نیشن