بیرونی فنانسنگ کی ضرویات قابل برداشت سطح پر ہیں: اسحاق ڈار
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے مشترکہ اجلاس کے حوالے سے گورنر سٹیٹ بینک اور سیکرٹری خزانہ نے بریفنگ دی۔ دونوں افسروں نے وزیر خزانہ کو بتایا کہ آئی ایم ایف اور عالمی بینک کو بتایا گیا ہے کہ حکومت مالیاتی استحکام رکھنے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ سیکرٹری خزانہ نے وزیر خزانہ کو عالمی بینک کے ساتھ زیرگفتگو کرنے والے موضوعات کے بارے میں بتایا۔ اسحاق ڈار نے سالانہ اجلاس میں پاکستان کی شرکت پر اطمینان ظاہر کیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کی بیرونی فنانسنگ کی ضروریات قابل برداشت سطح پر ہیں۔ ایشیائی ترقیاتی بنک نے پاکستان کیلئے نجی شعبے کے قرضوں کی حد بڑھا دی۔ اے ڈی بی نے پاکستان کیلئے نجی شعبے کے قرضوں کی حد 70 کروڑ سے بڑھا کر ایک ارب 70 کروڑ ڈالر کردی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ایشیائی ترقیاتی بنک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے ملاقات کی۔ اعلامیہ وزارت خزانہ کے مطابق ملاقات میں بنک کے پاکستان میں مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایشیائی ترقیاتی بنک کی طرف سے نجی شعبے کیلئے قرضوں کی حد میں اضافہ پاکستان کی ریٹنگ میں بہتری اور 4 سالہ اقتصادی اصلاحات کے باعث کیا۔ وزیر خزانہ نے پاکستان میں ترقیاتی عمل میں ایشیائی ترقیاتی بنک کے کردار کو سراہا۔