لاہور میں لاکھوں کے ڈاکے، فیروز والا: ڈاکو کار سوار کو اغوا کر کے لے گئے
لاہور + فیروز والا (نامہ نگاران) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ ڈاکوؤں نیہنجروال میں سلیم کے گھر سے8لاکھ مالیت، شفیق آباد میں عطاء کے گھر سے 5لاکھ مالیت، مزنگ میں شہبازکے گھر سے2لاکھ مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، شیرا کوٹ میں شیخ تاثیرکی فیملی کو یرغمال بنا کر 6 لاکھ مالیت، ملت پارک میں حنیف کی فیملی کو یرغمال بنا کر 3لاکھ مالیت، شالیمار میں اختر کی فیملی سے 2 لاکھ مالیت، باٹاپور میں جنید کی فیملی سے ڈیڑھ لاکھ مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور موبائل فون لوٹ لیا ہے۔ ڈاکوؤں نے شہر کے مختلف علاقوں میں راہزنی کی 8وارداتوں میں شہریوں سے ہزاروں روپے نقدی اور موبائل فون لوٹ لئے ہیں۔ چوروں نے چوہنگ میں سے اعجاز، غالب مارکیٹ میں سے پرویز کی کاریں جبکہ مسلم ٹائون سے اقبال، گلشن اقبال میں سے نعمان، شادمان میں احمد، جوہرٹاؤن سے منیر، ہربنس پورہ میں اشرف، یکی گیٹ سے طاہر، شفیق آباد سے بلال کی موٹر سائیکلیں چوری کر لی ہیں۔ فیروز والا سے نامہ نگار کے مطابق جی ٹی روڈ کی آبادی رانا ٹاؤن کے قریب ڈاکوؤں نے کار سواروں سے ایک لاکھ 30 ہزار کی رقم لوٹ لی جبکہ ڈاکو کار سوار اسلم کو اغوا کر کے فرار ہو گئے۔ پولیس رپورٹ میں قیصر اقبال نے بتایا کہ وہ اپنے دوست اسلم کے ہمراہ بنک سے رقم لے کر کار پر گھر جا رہے تھے کہ رانا ٹاؤن کے قریب ڈاکوؤں نے انہیں لوٹ لیا اور اسلم کو اغوا کر کے فرار ہو گئے۔ کوٹ عبدالمالک میں چور طاہر محمود بھٹی کے آفس سے پانچ لاکھ روپے کی رقم چوری کر کے فرار ہو گئے۔ چوروں نے دو گھروں کے تالے توڑ کر لاکھوں روپے مالیت کے زیورات، نقدی چوری کر کے فرار ہو گئے۔