امریکہ کیساتھ ملا قاتوں سے تعلقات میں مثبت پیش رفت ہوئی :ترجمان دفتر جارجہ
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ اے پی پی) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے مقبوضہ کشمیر میں اجتماعی قبروں کی دریافت اور جعلی مقابلوں نے بھارتی ظلم ستم کو آشکار کر دیا ہے اور ان انکشافات کی بدولت سرحد پار سے مداخلت کے بھارتی الزامات کی قلعی بھی کھل گئی ہے۔ ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی تازہ ترین تفصیل بیان کی۔ پاکستان امریکہ تعلقات، افغان مسئلہ اور دیگر امور پر اظہار کیا اور سوالات کے جوابات دیئے۔ پاکستان امریکہ تعلقات کی تازہ نوعیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا اس ضمن میں مثبت پیشرفت ہوئی ہے۔ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر امریکہ کے نائب صدر سے ملاقات کی جس کے بعد وزیر خارجہ نے واشنگٹن جبکہ امریکی وفد نے اسلام آباد کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا اس دوران ہونے والی بات چیت میں فریقین نے مشترکہ مسائل سے نمٹنے کے لئے روابط برقرار رکھنے پراتفاق کیا۔انہوں نے کہا امریکہ کا ایک اور وفد کا بھی جلد اسلام آباد کا دورہ متوقع ہے۔ ترجمان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان کو بھی سراہا جس میں انہوں نے کہا امریکہ پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات کے قیام کا آغاز کررہا ہے۔ایک سوال پر ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے تمام دہشت گرد تنظیموں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی ہے۔ دہشت گرد گروپ افغانستان کے شور ش زدہ علاقوں سے کارروائیاں کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے مزید چار کشمیریوں کو شہید کر دیا ہے۔ ساٹھ نہتے کشمیریوں کو پیلٹ گنز سے زخمی کیا گیا اور میر واعظ سمیت دیگر رہنماؤں کو نظربند کیا گیا ہے۔ ترجمان نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور حریت کانفرنس کے رہنمائوں کی غیرقانونی حراست کی مذمت کی۔ مقبوضہ کشمیر میں جعلی مقابلے، ماوراے عدالت قتل عام کیا جا رہا ہے، بھارتی فوج مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے سے متعلق ایک سوال پر ترجمان نے کہا اس منصوبے کا مقصد روابط کو فروغ دینا ہے۔ ون بیلٹ ون روڈ کے تحت اس منصوبہ کو سو سے زائد ممالک اور تنظیموں کی حمایت حاصل ہے۔ امریکہ اور ایران کے درمیان ایٹمی پروگرام پر کشیدگی کے بار ے میں ترجمان نے کہا پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے تمام فریقوں کو اپنے وعدوں کی پاسداری اور اس مسئلے کو پرامن طریقے سے حل کرنا چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے عمر خالد خراسانی اور عمر منصور کی ہلاکت کی خبروں پر تبصرہ سے گریز کرتے ہوئے کہا اے پی ایس و چارسدہ یونیورسٹی حملے کے ماسٹر مائنڈ کی ہلاکت کی خبریں دیکھی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ افغانستان کے حوالہ سے چار ملکی میکنزم کا چھٹا اجلاس مسقط میں ہوا جس میں فورم کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ ترجمان نے کہا پاکستان نے تین سال کے لیے اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کا الیکشن جیتا جو ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ اے پی پی کے مطابق دفترخارجہ کے ترجمان نے کہا پاکستان تمام دہشت گرد گروپوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کر رہا ہے، دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں افغانستان میں ہیں، پاکستان امریکہ اعلیٰ سطح پر ملاقاتوں سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں مثبت پیشرفت ہوئی ہے، پاکستانی فورسز کی جانب سے کامیاب آپریشن کے بعد بازیاب کینیڈین جوڑے کے حوالے سے امریکی صدر ٹرمپ کے 14 اکتوبر کے پیغام کا خیرمقدم کرتے ہیں، پاکستان افغان حکومت اور عوام کی قیادت میںامن عمل کی حمایت اور اس میں سہولت کار کا کردار جاری رکھے گا۔