• news

داعش ودیگر گروپس سے لڑنے کیلئے اتحاد ضروری ہے: وزیراعظم ڈی ایٹ اجلاس میں شرکت کیلئے ترکی پہنچ گئے

انقرہ/اسلام آباد (صباح نیوز+ آن لائن) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ڈی ایٹ اجلاس میں شرکت کے لئے ترکی پہنچ گئے، جہاں وہ آج جمعہ کو استنبول میں ہونے والے گروپ آٹھ کے سربراہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ بنگلہ دیش، مصر، انڈونیشیا، ایران، ملائیشیا، نائجیریا، پاکستان اور ترکی گروپ میں شامل ہیں، پاکستان ڈی ایٹ کا موجودہ صدر ہے۔ اجلاس کے آغاز پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ڈی ایٹ سربراہ اجلاس کی صدارت ترکی کے سپرد کریں گے۔ یاد رہے کہ ڈی ایٹ کے منشور میں تعاون کے بڑے شعبوں میں صنعت، زراعت اور تحفظ خوراک، توانائی، تجارت، نقل و حمل اور سیاحت شامل ہیں۔ ترکی روانگی سے قبل وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے چیئرمین تحریک جوانان پاکستان محمد عبداللہ گل نے ملاقات کی۔ ملاقات میں خطے کی بدلتی سیاسی صورتِ حال ، افغانستان سمیت وزیرِ اعظم کے دورہ ترکی پر گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے نوجوانوں کا کردار ضروری ہے ان کے بغیر ملک ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتا۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ داعش و دیگر جنگجو گروپس سے لڑنے کے لئے قوم میں اتحاد واتفاق لازم ہے۔حکومت اور نوجوان مل کر اپنا کردار ادا کریں گئے۔

ای پیپر-دی نیشن