لیگی ورکر پی ٹی آئی مافیا راستہ روک سکتے ہیں نہ الیکشن چرانے دینگے :زرداری
لاہور+ٹنڈو محمد خان/حیدرآباد (خبر نگار+نامہ نگاران) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کے لوگ، پی ٹی آئی کا مافیا پیپلز پارٹی کا راستہ نہیں روسکتا، آئندہ الیکشن بہت محنت سے لڑیں گے، تمام امیدواروں کو پارٹی کی مکمل سپورٹ حاصل ہوگی، کسی کو الیکشن چرانے نہیں دیں گے۔ آصف علی زرداری نے یہ باتیں بلاول ہائوس میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری منظور، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، صدر لاہور ڈویژن رائے شاہجہاں بھٹی ، ناصرہ میو، جاوید بھٹی، حاجی فلک شیر، سید ابرار شاہ اور پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز سے گفتگوکرتے ہوئے کہیں جنہوں نے گزشتہ روز ان سے ملاقات کی۔ آصف زرداری نے کہا کہ آئندہ الیکشن بہت محنت سے لڑیں گے۔ تمام امیدواروںکو مکمل پارٹی سپورٹ حاصل ہوگی۔ پچھلے الیکشن کے دوران میں ایوان صدر میں تھا اور الیکشن کمیشن نے مجھے انتخابی مہم میں حصہ لینے سے منع کر رکھا تھا، بلاول بھٹو تعلیم کیلئے بیرون ملک تھے، یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کو اغوا کیا جاچکا تھا جبکہ طالبان کے ذریعے ہمیں مسلسل ڈرایا دھمکایا جارہا تھا اس صورتحال میں آر اوز کی مدد سے (ن) لیگ نے الیکشن جیتا، مگر اب الیکشن چرانے نہیں دیں گے۔ تمام امیدوار حلقے میں جا کر بھرپور مہم چلائیں۔ وارڈز اور پولنگ سٹیشن تک پیپلز پارٹی ہر سطح پر مانیٹرنگ کرے گی ۔ علاوہ ازیں سابق صدر آصف علی زرداری نے خیبر پی کے سے مسلم لیگ (ن) کی ایک اور وکٹ گرا دی ہے اور مسلم لیگ ن کے سابق رکن اسمبلی دوست محمد خان پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے ہیں۔ دوست محمد خان نے سابق صدر آصف علی زرداری سے بلاول ہائوس لاہور میں ملاقات کرکے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف بھی موجود تھے۔پیپلزپارٹی قربانیوں سے ڈرنے والی جماعت کا نام نہیں، بھٹو خاندان نے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے غریب عوام اور جمہوریت کی جنگ لڑی، نواز شریف نے ہر دور میں جمہوریت کو نقصان پہنچایا۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ٹنڈو محمد خان میں 53 کروڑ روپوں کی لاگت سے تعمیر ہونے والے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کارڈیو کیئر ہسپتال کے افتتاح اور ہندو برادری کی دیوالی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کی کامیابی عوام کی کامیابی ہے ، سندھ میں میگا پروجیکٹس پر کام جاری ہے، جس کے ثمرات جلد عوام تک پہنچنا شروع ہو جائینگے، احتساب عدالت کی جانب سے نواز شریف مریم نواز اور ان کے شوہر پر فرد جرم عائد ہونا جمہوریت کے لئے خطرہ نہیں، اس ملک میں سب کا احتساب ہونا چاہئے، تاکہ عوام کو پتا چلے کہ ملک کی دولت کو کس نے لوٹا اور بیرون ملک منتقل کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے خواتین کے حقوق کا تحفظ نہیں کیا، بلک خیبر پی کے میں خواتین بل پیش کر کے خواتین کے حقوق پر پابندیاں لگانے کی کوشش کی گئی، آئندہ انتخابات میں عوام پیپلزپارٹی کو ووٹ دیگی اور پیپلزپارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی ۔علاوہ ازیں پی پی پی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی بلا تفریق اور رنگ نسل و مذہب تمام پاکستانیوں کو برابر سمجھتی ہے۔بھائی پی پی پی کی نمایندگی کر رہے ہیں وہ ٹنڈو محمد خان میں ہندو برادری کے تہوار دیوالی کے موقع ان سے یکجہتی کا اظہار کرنے کے لیے ٹنڈو محمد خان میںشیو جی مندر میں دیوالی کا کیک کاٹنے کے بعد میڈیا سے باتیں کر رہے تھے ۔ عمران خان کے سیاسی مستقبل کے متعلق سوال پر انہوں نے کہا عمران خان کا مستقبل بھی اصغر خان جیسا ہو گا ۔ عمران خان نے آمر مشرف جو کہ شہید بی بی کے قتل میں بھی ملوث ہے کے ریفرنڈم میں اس کا ساتھ دیا ۔ ہمارا خان صاحب سے ذاتی نہیں مگر نظریاتی اختلاف ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان کرپشن کرپشن کا راگ الاپ رہا ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں ان کے ہی ایم پی ایز اور ایم این ایز بدعنوانی کے پول کھول رہے ہیں ۔ عائشہ گلالئی نے عمران خان پر اخلاقی اور مالی بدعنوانی کے الزامات لگائے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کو بھارت اور اسرائیل کی جانب سے فنڈنگ والی بات آپ سب جانتے ہیں۔