گورنر سندھ چودھری منیر کے گارڈز کے روکنے پر ناراض‘ مریم نے فون کر کے واپس بلایا
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+نامہ نگار) گورنر سندھ محمد زبیر سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز سے جمعرات کو چوہدری منیر کی رہائش گاہ پہنچے تو سیکیورٹی گارڈ نے ان کو گھر میں داخل ہونے سے روک دیا، دروازہ نہ کھلنے پر گورنر سندھ واپس لوٹ گئے جب مریم نواز کو گورنر سندھ کے واپس جانے کا علم ہوا تو انہوں نے وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگ زیب کو گورنر سندھ سے رابطہ کرنے کے لئے کہا، بعد ازاں فون کر کے گورنر سندھ کو واپس بلالیا گیا انہوں نے مریم نواز سے ملاقات کی۔ علاوہ ازیں مریم نواز اور کیپٹن(ر)صفدر کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر(ن)لیگ کی خواتین ایم این ایز نے جوڈیشل کمپلیکس میں داخلے کی اجازت نہ ملنے پر دھرنا دیا۔ وزیر مملکت مریم اورنگزیب کی والدہ اور ایم این اے طاہرہ اورنگزیب سمیت دیگر خواتین ممبران کو پولیس نے اندر جانے سے روک دیا۔پولیس اہلکاروں نے طارق فاطمی اور ان کی اہلیہ کو بھی اندر نہ جانے دیا جس کے بعد خواتین ایم این ایز نے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر قائم چیک پوسٹ پر احتجاج کیا اور دھرنا دیا۔