چوتھا ون ڈے پاکستان ‘ سری لنکا آج مدمقابل‘ تنقید کا جواب بلے سے دونگا : امام الحق
لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا چوتھا ون ڈے میچ آج شارجہ میں کھیلا جائےگا۔ میچز کا وقت تبدیل کردیا گیا۔ دونوں میچزایک گھنٹہ قبل 3 بجے شروع ہونگے۔پاکستان کو سیریز میں تین صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے ۔نوجوان بیٹسمین امام الحق نے اولین ون ڈے انٹرنیشنل میں سنچری بنا کر اپنے چچا کے موقف کو درست ثابت کر دکھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں میری کیا غلطی ہے کہ میں انضمام الحق کا بھتیجا ہوں۔ میں ہر کسی کو تو جواب دہ نہیں لیکن اس کا سب سے آسان جواب پرفارمنس ہے۔ میں ناکامی سے نہیں ڈرتا کیونکہ دنیا کے ہر کرکٹر کے کیریئر میں ناکامیاں آتی ہیں۔ اچھا کرکٹر وہی ہے جو ا ناکامی سے خود کو نکالے اور پرفارمنس دے۔مجھے تنقید سے فرق نہیں پڑتا کیونکہ خود پر بہت زیادہ بھروسہ ہے۔ میں اس فیملی کا حصہ ہوں لہٰذا مجھ میں بہت پختگی ہے۔ جو لوگ باتیں کرتے ہیں ان کی عزت کرتا ہوں لیکن میرے نزدیک اس کا بہتر جواب میدان میں کارکردگی ہے۔ اگر اگلے میچ میں پرفارمنس نہ ہوئی تو پھر تنقید ہو گی جس پر میں زیادہ غور نہیں کرتا۔ اولین ون ڈے انٹرنیشنل میں سنچری کو بہت بڑا اعزاز سمجھتا ہوں ۔پسندیدہ کھلاڑی کوئی نہیں لیکن یونس خان کی خوبیوں کا قائل ہوں ۔ ان کی باتیں مجھے پسند ہیں۔ موجودہ ٹیم میں شعیب ملک حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔امام الحق ان چند کرکٹرز میں سے ایک ہیں جو عینک لگا کر کھیلتے ہیں ان کی بائیں آنکھ کا نمبر ٹو پوائنٹ سیون فائیو ہے جبکہ دائیں آنکھ کا نمبر ون پوائنٹ سیون ہے۔