• news

دشمن اداروں کو لڑانا چاہتے، فوج، عدلیہ کا احترام سب پر لازم ہے : ایاز صادق

لاہور(خصوصی نامہ نگار)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ بیگم کلثوم نواز کی طبیعت بہتر ہوتے ہی نواز شریف پاکستان واپس آجائیں گے، ہمارے دشمن چاہتے ہیں کہ ادارے آپس میں لڑیں ،اداروں میں تصادم کسی بھی طور پاکستان کے حق میں نہیں۔سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا نواز شریف کے وکلا عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں۔ وہ اپنی اہلیہ کی تیمارداری کیلئے لندن میں موجود ہیں اور جیسے ہی ان کی طبیعت میں بہتری آئے گی نواز شریف پاکستان واپس آجائیں گے۔ انہوں نے کہا عدلیہ یا فوج کو کسی نے گالی نہیں دی ، ان کا احترام ہم سب پر لازم ہے۔ اندر بیٹھ کر بہت سی باتوں پر تبصرے ہوتے ہیں لیکن وہ منظر عام پر نہیں آتیں۔جو لوگ چاہتے ہیں کہ اداروں میں ٹکرا ﺅہو وہ ایسی باتیں کر رہے ہیں۔ ہمارے دشمن چاہتے ہیں ادارے آپس میں لڑیں لیکن ہمارے لیے بہتر ہے اداروں کا تصادم نہ ہو۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی بھی رکن اسمبلی کی گرفتاری سے پہلے تحریری طور پر سپیکر کو آگاہ کرتے ہیں۔ ان کی خواہش ہے کسی بھی جمہوری شخص کو گرفتار نہ کیا جائے میں وہی شخص ہوں جس نے استعفے قبول نہیں کیے تھے اور پوری کوشش کی تھی ان کے خلاف آنے والی قراردادوں کو مسترد کیا جائے۔ کیونکہ لاکھوں کروڑوں ووٹ لے کر آنے والے لوگوں کو چند لوگوں کی خواہش پر حق نمائندگی سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔پاکستان کے دشمن اداروں کو آپس میں لڑانا چاہتے ہیں۔ آپس کے اختلافات سے ملک کو نقصان پہنچے گا۔ عدلیہ سے انصاف کی توقع ہے فیصلہ جو ہو گا منظور کریں گے۔ 2018ءمیں فیصلہ ہو گا کہ کس نے کام درست کیا اور کس نے نہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن