• news

اختیارات کیلئے یو سی وائس چیئرمینوں کا احتجاج، حمزہ شہباز کی مشاورت، قانون سازی ہوگی

لاہور (فرخ سعید خواجہ) مسلم لیگ (ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی میاں حمزہ شہباز سیاسی طور پر پوری طرح ایکشن میں آ گئے ہیں۔ انہوں نے اپنی سیاسی سرگرمیوں کا مرکز 90 شاہراہ قائداعظم کی بجائے ایچ 180 ماڈل ٹاﺅن کو بنانے کا فیصلہ کیا ہے جہاں ان کا سیکرٹریٹ پہلے ہی سے کام کر رہا تھا۔ گزشتہ روز لاہور کے 80 کے لگ بھگ یونین کونسلوں کے وائس چیئرمین اختیارات نہ ہونے کا رونا لیکر ماڈل ٹاﺅن پہنچ گئے انہوں نے اپنے مسائل حمزہ شہباز کے سامنے رکھنے کیلئے ان سے ملاقات کا مطالبہ کیا وائس چیئرمینوں کی اکثریت نعرے بازی کر رہی تھی تاہم ان کے نعرے اپنے مسائل کے حل کے حوالے سے تھے اور بیشتر وائس چیئرمین پارٹی قیادت کے حق میں نعرے بھی لگا رہے تھے حمزہ شہباز نے اپنے دست راست پنجاب پبلک آفیئرز یونٹ کے ممبر اور مسلم لیگ ن لاہور کے چیف آرگنائزر توصیف شاہ کو وائس چیئرمینوں کے پاس بھجوایا توصیف شاہ باہر آئے تو چالیس پچاس وائس چیئرمین موجود تھے جنہیں وہ اپنے ساتھ لیکر ایچ 180 آ گئے تاہم ایک گھنٹے کے دوران مزید وائس چیئرمین پہنچ گئے اور انہوں نے احتجاج شروع کر دیا توصیف شاہ ایک مرتبہ پھر باہر آ ئے اور ان وائس چیئرمینوں کو بھی اپنے ساتھی اندر لے گئے توصیف شاہ اور ملک ریاض ایم این اے نے وائس چیئرمینوں کے مطالبات کو بہت حد تک جائز قرار دیا اور انہیں یقین دہانی کروائی محکمہ قانون اور وزارت بلدیات سے مشاورت کے بعد وائس چیئرمینوں کے واضح اختیارات کے بارے میں قانون سازی کی جائے گی اگلے دو روز میں مشاورت مکمل کر کے قانون میں توسیع کا مسودہ تیار کیا جائے گا اور سومووار کو وائس چیئرمینوں کا ایچ 180 میں اجلاس بلایا جائے گا جس میں مسودے کے خدوخال ان کے سامنے رکھے جائیں گے ذرائع نے بتایا جمعرات کو اس سلسلے میں میاں حمزہ شہباز نے پنجاب پبلک آفیئرز یونٹ کے ممبران کے ساتھ مشاورت کی اور اس میں جو ابتدائی خاکہ تشکیل پایا اس کے مطابق لاہور کے تمام زون ڈپٹی میئر چلائیں گے جس طرح ڈسٹرکٹ کی سطح پر لارڈ میئر کو اختیار ہوگا اس طرح زون میں اختیارات ڈپٹی میئر کو حاصل ہوں گے زون کی اسمبلی بنائی جائے گی وائس چیئرمین اس ہا¶س کے ممبر ہوں گے ترقیاتی کاموں کیلئے جو فنڈز زون کے حصے میں آئیں گے ان کو ڈپٹی میئر وائس چیئرمینوں کے ذریعے لگائیں گے ڈپٹی میئر زونوں اور زون کی اسمبلی کو اختیار ہوگا 10 مرلہ تک کے رہائشی مکانوں کے نقشے منظور کریں ذراثع نے بتایا محکمہ قانون اور محکمہ بلدیات کے ذمہ داران ان تجاویز کو قانونی شکل دینے کیلئے کام کریں گے اور جلد قانون بنا دیا جائے گا ادھر حمزہ شہباز نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 142 کی یونین کونسل 35 کے چیئرمین حاجی محمد حنیف کی قیادت میں ان کی یوسی کے سترہ رکنی کابینہ کمیٹی معززین علاقہ اور سینئر کارکنوں سے مشترکہ ملاقات کی اور ان سے علاقے کے مسائل کے بارے میں دریافت کیا ذرائع نے بتایا یو سی 35 کی اجلاس میں منتخب نمائندوں اور معززین نے پانی او ربجلی کے مسائل کی شکایات کے انبار لگا دیئے جبکہ واٹر فلٹر پلانٹ جلد سے جلد لگوانے کا مطالبہ کیا۔ میاں حمزہ شہباز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا مسلم لیگ ن کی حکومت نے مشکل ترین حالات کے باوجود پاکستان کو درپیش مسائل بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں نیشنل ایکشن پلان قومی اتفاق رائے سے بنایا اور دہشت گردی کے جن کو بوتل میں بند کیا اس سلسلے میں فوج ، پولیس اور عوام نے جانوں کے نذرانے پیش کئے انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن نے ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا عوامی مسائل حل کرنے کیلئے مسلم لیگ ن کی حکومت کمٹڈ ہے اور ہم سب ملکر اس سلسلے میں کامیابی حاصل کرنی ہے دریں اثناءمیاں حمزہ شہباز شریف نے مسلم لیگ ن ٹریڈرز ونگ کے وائس چیئرمین عامر صدیق کو لوہا مارکیٹ مصری شاہ کا بلا مقابلہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن