• news

سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس، 360ارب کے 31منصوبوں کی منظوری

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پلاننگ کمشن کی سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں 360 ارپ روپے کی لاگت کے 31 منصوبے منظور کر لئے گئے۔ 342 ارب روپے کی لاگت کے 12 منصوبے یکنک کو حتمی منظوری کےلئے بھیج دیئے گئے۔ سی ڈی ڈبلیو پی کا اجلاس پلاننگ کمشن کے ڈپٹی چیئرمین سرتاج عزیز کی صدارت میں منعقد ہوا۔ توانائی کے متعلق 45 ارب روپے ‘ آبی وسائل کے 16 ارب روپے‘ ماحولیات کے 2 ارب روپے‘ ٹرانسپورٹ و مواصلات کے 193 ارب روپے کے منصوبے منظور ہوئے۔ توانائی کے سیکٹر میں جن منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے ان میں بلوچستان مستونگ سپلنگی میں 132 میگاواٹ گرڈ سٹشن کی تعمیر اور 132 کلوواٹ ایس ڈی ٹی ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر کے لئے 695 ملین روپے لاگت کے منصوبے منظور کئے گئے۔ تربیلا میں 1410 میگاواٹ بجلی کی فراہمی کے پانچویں توسیعی منصوبے کی تعمیر کا منصوبہ حتمی منظوری کے لئے ایکنک کو ارسال کر دیا گیا۔ منصوبے پر لاگت کا تخمینہ 45 ار ب 28 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ 500 کلوواٹ لاہور کے شمالی علاقے کے سب سٹیشن کے ساتھ ٹرانسمیشن لائن کی تنصیب کا منصوبہ ایکنک کو بھیج دیا گیا۔ اس پر 12 ارب 31 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ جمپرکلسٹر میں 1224 میگاواٹ پاور پراجیکٹ سے بجلی نکالنے کا منصوبہ حتمی منظوری کے لئے ایکنک کو ارسال کر دیا گیا۔ اس پر 15 ارب 54 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ پوری تحصیل مرتونگ میں 132 کلوواٹ نئے گرڈ سیشن کی تعمیر کے لئے منصوبے کو منظور کر لیا گیا۔ بلوچستان میں ضلع گورک میں پانی کا ذخیرہ بنانے کے لئے 12 ارب 67 کروڑ روپے کا منصوبہ منظور کر لیا گیا۔ ملاکنڈ ٹنل کی تعمیر کا منصوبہ حتمی منظوری کے لئے ایکنک بھیج دیا گیا۔ اس منصوبے پر 17 ارب 78 کروڑ روپے لاگت آئےگی۔ وزارت ریلویزکے گوادر میں کنٹینر پاور سٹیشن اور کوسٹل ہائی وے سے بندرگاہ تک ریلوے لائن بچھانے کے لئے زمین کے حصول کا منصوبہ ایکنک کو ارسال کر دیا گیا۔ اس منصوبے کی لاگت 5 ارب 99 کروڑ روپے ہیں۔ اجلاس میں میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کےلئے 6 بکتر بند کشتیاں خریدنے کا منصوبہ منظور کر لیا گیا۔ اس پر 15 ارب 94 کروڑ رپوے لاگت آئے گی۔ گوادر موٹروے پولیس کے لئے ایس ایچ او دفتر کی تعمیر‘ لائن ہیڈ کوارٹرزکی تعمیرکے لئے 33 کروڑ 63 لاکھ روپے کا منصوبہ منظور کرلیا گیا۔ وزارت داخلہ کے خیبر ایجنسی میں 4 ایکس ونگ کے لئے جگہ کی تعمیر کے منصوبے کی بھی منظوری دے دی گئی۔ اسلامآ باد میں ماڈل جیل کی تعمیرکا 7 کروڑ 35 لاکھ روپے کا منصوبہ منظور کر لیا گیا۔ ایف سی بلوچستان کے لئے9 اضافی ونگ بنانے اور سی اے ایف مینجمنٹ کی بہتری کیلئے دو مختلف منصوبے منظور کر لئے گئے۔ ان پر 4 ارب روپے سے زائد لاگت کا تخمینہ ہے۔ گلشن جناح اسلام آباد میں کالونی کی بہتری کیلئے 4 کروڑ 48 لاکھ روپے کا منصوبہ بھی منظور کر لیا گیا۔ پولیس کے خصوصی تحفظ یونٹ کے قیام کےلئے 2 ارب 66 کروڑ روپے لاگت کے منصوبے کو منظور کر لیا گیا۔ ملیر سٹی میں مدرسہ الاسلام کا نیا کیمپس بنانے کےلئے ایک ارب 63 کروڑ لاگت کا منصوبہ منظور کر لیا گیا۔ اٹامک انرجی کمیشن کے دو منصوبے منظور ہوئے۔ گورنمنٹ کالج خیرپورکی اپ گریڈ یشن کا منصوبہ بھی منظور کر لیا گیا۔ وزیراعظم صحت پروگرام کا 33 ارب کا منصوبہ حتمی منظوری کے لئے ایکنک بھیج دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن