• news

کور کمانڈر لاہور کی شہید کیپٹن حسنین کے گھر جا کر لواحقین سے اظہار تعزیت، قبر پر پھول چڑھائے

ننکانہ صاحب (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) کور کمانڈر لاہور، سٹیشن کمانڈر اور بریگیڈئیر کی شہید حسنین نواز کے گھر آمد۔ چند روز قبل سانحہ خرلاچی میں شہید ہونے والے کیپٹن حسنین نواز کے گھر کور کمانڈر لاہور عامر ریاض، سٹیشن کمانڈر عدنان، بریگیڈئیر مزمل آئے۔ ننکانہ صاحب کے نامہ نگار کے مطابق کور کمانڈر لاہور عامر ریاض دیگر اعلیٰ عسکری قیادت کے ہمراہ کرم ایجنسی کے علاقہ خرلاچی میں شہید ہو نے والے پاک فوج کے کیپٹن حسنین نواز کے گھر ننکانہ صاحب آئے۔ انہوں نے شہید کے والد، والدہ، بیوہ اور بھائیوں سے اظہار تعزیت کیا اور شہید کے اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کورکمانڈر نے کہا کہ کیپٹن حسنین نواز پاک فوج کا بہادر سپاہی تھا جس نے ملکی سرحدوں کو محفوظ بناتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اہل ننکانہ اور پوری پاکستانی قوم کی طرح پاک فوج کو بھی کیپٹن حسنین نواز کی قربانی پر فخر ہے، بعدازاں کورکمانڈر شہید کی قبر پر بھی گئے، شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی اور شہید کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی، کورکمانڈر لاہور کی شہید کے گھر آمد کے موقع پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے تھے۔ 

ای پیپر-دی نیشن