چین کےساتھ برآمدات میں کمی، درآمدات میں غیر معمولی اضافہ
اسلام آباد (عترت جعفری) پاکستان کی چین کیلئے برآمدات میں سال بہ سال تنزلی آئی ہے جبکہ چین سے درآمدات میں غیر معمولی گروتھ ہوئی ہے۔ گزشتہ تین سال کے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ مالی سال 2015ءمیں چین کیلئے برآمدات 2ارب 32کروڑ ڈالر، مالی سال 2016ءمیں ایک ارب 90کروڑ ڈالر اور مالی سال 2017ءمیں یہ ایک ارب 62کروڑ ڈالر تک گرگئیں۔ چین سے درآمدات مالی سال 2015ءمیں 7ارب ڈالر، مالی سال 2016ءمیں 8ارب 82کروڑ ڈالر اور مالی سال 2017ءمیں 10ارب 53کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اس طرح مالی سال 2017ءمیں تجارتی خسارہ 8ارب 90کروڑ ڈالر سے زائد رہا۔ دونوں ممالک کے درمیان ایف ٹی اے موجود ہے تاہم اس کے مرحلہ دوم کو حتمی شکل نہیں دی جاسکی۔ پاکستان ایف ٹی اے دوم کے لئے پاکستانی مصنوعات کیلئے ٹیرف کی رعایات کا خواہا ںہے جس پر بات چیت جاری ہے۔ چین سے پاکستان کیلئے ایف ڈی آئی تین سال میں بڑھی ہے۔ مالی سال 15ءمیں چین سے ایف ڈی آئی 319ملین، 2016ءمیں ایک ارب ڈالر سے زائد اور مالی سال 2017ءایک ارب 18 ڈالر ہوگئی ہے۔ چین سے پورٹ فولیو سرمایہ کاری مالی سال 2017ءمیں 48ملین ڈالر رہی جبکہ چین کے بنکوں نے اس سال 2.3ارب ڈالر کے کمرشل قرضے بھی دیئے ہیں۔