• news

نوازشریف پر آئین، جمہوریت، پاکستان کا دفاع کرنے کی اصل فرد جرم لگائی جائے: سعد رفیق

لاہور‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ نوازشریف پر عائد فرد جرم سازش‘ انتقام اور جھوٹ کا ملغوبہ ہے۔ نوازشریف ان کے خاندان کے خلاف سازش میں غیرملکی اور مقامی عناصر ملوث ہیں۔ نوازشریف پر آئین جمہوریت‘ پاکستان کا دفاع کرنے کی اصل فرد جرم عائد کی جائے۔ بعض لوگ چاہتے ہیں مسلم لیگ (ن) خاموشی سے مار کھاتی رہے۔ نوازشریف نے ایٹمی دھماکوں سے دھرنا سیاست تک ہر جگہ ریاست‘ اداروں کا دفاع کیا۔ مسلم لیگ(ن) کسی سے محاذ آرائی نہیں کرے گی۔ باہمی لڑائیاں ملک کو نقصان پہنچا رہی ہیں، رائی کا پہاڑ بنانا بند کیا جائے۔ ناانصافی قبول نہیں کرسکتے، نام نہاد احتساب ڈرامہ مسترد کرتے ہیں۔ دانیال عزیز نے کہا کہ ہمارے رہنما اور ہم ہمیشہ عدالتوں میں پیش ہوئے،انہوں نے کہا کہ ایک جماعت ایک الیکشن کمیشن اور انسداد دہشتگردی عدالت کے مفرور ہیں،یہ تمام سیاسی جماعتوں کو نیچا دکھانے کی کوشش کرتے ہیں۔وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نواز شریف اپنی اہلیہ کی علالت کے باعث باہر ہیں، ہمارے قائدین نہ کبھی روپوش ہوئے نہ کمر درد کا بہانہ بناکر بھاگے۔ہمارے لیڈر ہمیشہ عدالتوں میں پیش ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ فیصلوں پر دنیا بھر میں اعتراض ہوتاہے،کرپشن اور لوٹ مار کا الزام ہم پر ثابت نہیں ہوا،اسحاق ڈار نے ملک کی بہتری کیلیے کام کیا،کہا گیا دماغی توازن درست نہیں سرٹیفکیٹ پیش کیے گئے،ماضی میں حکمرانوں کو چھوٹ دی گئی ۔انہوں نے مزید کہا کہ جو بہتری کیلیے کام کرتے ہیں انہیں عدالتوں کے چکر لگوائے جاتے ہیں،لوٹ مارکرنے والوں کو ملک سے باہر بھجوا دیا جاتاہے۔

ای پیپر-دی نیشن