• news

سانحہ ماڈل ٹاﺅن انکوائری رپورٹ، وکیل کی عدم حاضری پر اپیل خارج کر دی جائیگی: ہائیکورٹ

لاہور(وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاون انکوائری رپورٹ منظر عام پر لانے کے عدالتی حکم کے خلاف حکومتی اپیل کی سماعت چوبیس اکتوبرتک ملتوی کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ پنجاب حکومت کے وکیل خواجہ حارث آئندہ سماعت پر پیش نہ ہوئے تو اپیل عدم پیروی پر خارج کر دی جائے گی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں جسٹس شہباز علی رضوی اور جسٹس قاضی محمد امین پر مشتمل فل بنچ نے درخواستوں پر سماعت کی۔ پنجاب حکومت کے وکیل خواجہ حارث مصروفیت کے باعث پیش نہ ہو سکے۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شکیل الرحمن نے عدالت کو آگاہ کیا کہ خواجہ حارث مصروفیت کے باعث پیش نہیں ہو سکتے۔ جس پر عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ یہاں فل بنچ بیٹھا ہے مگر حکومتی وکیل ٹرائل عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں انہیں اس عدالت میں پیش ہونے کی کوئی پروا نہیں۔ آئندہ سماعت پر خواجہ حارث پیش نہ ہوئے توایڈووکیٹ جنرل پنجاب حکومتی وکیل کے طور پر پیش ہوں۔ حکومتی وکیل کو عدالت میں پیش کرنا عدلیہ کی ذمہ داری نہیں۔ فاضل عدالت نے کیس کی مزید سماعت چوبیس اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن