کوئٹہ دھماکہ: 7پولیس اہلکار سرکاری اعزاز کیساتھ سپرد خاک، مقدمہ درج
کوئٹہ (بیورو رپورٹ) کوئٹہ د ھماکے میں شہید 7 پولیس اہلکاروں کو ان کے آبائی علاقوں میں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق نیو سریاب میں قومی شاہراہ پر گزشتہ روز ہونے والے دھماکے میں شہید ہونے والے 7 پولیس اہلکاروں کو آبائی علاقوں میں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا ہے۔شہید اہلکاروں کا تعلق نصیرآباد، صحبت پور، مانجھی پور اور اوستہ محمد سمیت مختلف علاقوں سے تھا۔انکی نماز جنازہ گزشتہ روز پولیس لائن میں ادا کی گئی تھی۔علاوہ ازیںخودکش دھماکے کی تحقیقات میں پیش رفت سے متعلق کوششیں جاری ہیں،پولیس کے مطابق خود کش دھماکے کا مقدمہ نیو سریاب تھانے میں ایس ایچ او کی مدعیت میںرات گئے درج کرلیا گیا ، مقدمہ میں قتل ،اقدام قتل اور دہشت گردی کے دفعات شامل ہیں۔