پاکستان‘ سعودی عرب مضبوط تاریخی‘ دینی‘ ثقافتی رشتہ میں منسلک ہیں: صد ر ممنون
اسلام آباد (صباح نیوز) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب تعلقات میں ہر گزرنے والے دن کے ساتھ مزید وسعت اور گہرائی پیدا ہوگی۔ دونوں ملک مضبوط تاریخی، دینی اور ثقافتی رشتے میں منسلک ہیں اور دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان پرخلوص بھائی چارے کا رشتہ ہے۔ صدر مملکت نے یہ بات سعودی عرب کے سفیر کموڈور نواف سعید احمد المالکی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ صدر مملکت نے پاک چین اقتصادی راہداری میں سعودی عرب کی دلچسپی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس کے اثرات بڑے مثبت اور دیرپا ہوں گا۔ صدر مملکت نے اس موقع پر برما اور یمن کے بگڑتے ہوئے حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کل ان مسائل کے حل کے لیے مسلم امہ کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔