• news

حکومت نے اہم شعبوں میں تیز رفتار ترقی کیلئے ٹھوس اقدام کئے: حمزہ شہباز

لاہور (خصوصی رپورٹر) برطانوی ترقیاتی ادارے "ڈیفڈ" کی ڈائریکٹر اور صوبہ پنجاب کے لئے نمائندہ رتھ گراہم نے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز سے ملاقات کی۔ پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاﺅن میں ہونے والی اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر گفتگو کے علاوہ صوبہ پنجاب میں برطانیہ کے تعاون سے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں جاری میگا منصوبوں پر تبادلہ خیال ہوا۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اہم شعبوں میں تیز رفتار اور دور رس ترقی کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں اور انفراسٹکچر کی بہتری کے لئے نمایاں کام کیا گیا ہے۔ انہوں کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ایجوکیشن اور ہیلتھ سیکٹر میں ریفارمز لانے کے لئے ذاتی دلچسپی لے کر کام کیا ہے۔ حمزہ شہباز نے بالخصوص پنجاب میں سکلز ڈویلپمنٹ اور فنی تربیت کے شعبے میں برطانوی ادارے "ڈیفڈ" کی طرف سے فراہم کئے جانے والے تعاون کو سراہا۔ حمزہ شہباز نے کہاکہ ہیومن ریسورس اہم ترین شعبہ ہے جس پر ہمیں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی ترجیحات بہت واضح ہیں‘ 2018ءتک لوڈشیڈنگ سمیت اہم قومی مسائل حل کرلئے جائیں گے۔ اپنی گفتگو میں "ڈیفڈ" کی ڈائریکٹر رتھ گراہم نے اپنے ادارے کی طرف سے مختلف شعبوں میں فراہم کئے جانے والے تعاون اور منصوبوں کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت بالخصوص وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کا ویژن انتہائی واضح ہے اور مشترکہ منصوبوں کے اہداف بر وقت حاصل ہورہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن