• news

پاکستان کے ملائیشیا، اردن، ویت نام کیساتھ گہرے تعلقات ہیں: صدر ممنون

اسلام آباد(صباح نیوز) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کے ملائشیا، اردن اور ویت نام کے ساتھ گہرے تعلقات ہیں اور پاکستان ان تعلقات میں مزید اضافے کا خواہاں تاکہ ان ممالک کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط کو وسعت دی جا سکے۔ صدر مملکت نے یہ بات ملائشیا کے ہائی کمشنر ڈاکٹر حسر الثانی بن مجتبار اور ویت نام کے سبکدوش ہونے والے سفیر نگوین ژوین لو سے کہی جنہوں نے ایوان صدر میں ان سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ ملائشیا نے مختلف شعبوں میں شاندار ترقی کی ہے جو دیگر ممالک کے لیے مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ملائشیا ایک دوسرے کے قریب ہیں۔ ہماری دوستی مشترکہ عقائد، ورثے اور تاریخ پر مبنی ہے۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ ملائشیا پاکستان کی سستی اور معیاری مصنوعات سے بھر پور فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ اس طرح دونوں ملکوں کے تعلیمی اداروں کے درمیان بھی قریبی تعلقات ہونے چاہیں۔ صدرمملکت نے کہا کہ ویتنام کے سبکدوش ہونے والے سفیر نگوین ژوین لو نے پاکستا ن میں بہترین خدمات سر انجام دی ہیں۔ اس موقع پر صدر مملکت سے پاکستان کے اردن میں نامزدہونے والے سفیر میجر جنرل ( ر ) جنید رحمت نے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ پاک اردن تعلقات میں مزید وسعت کے لیے توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے نامزد سفیر کو اردن میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کر نے بھی ہدایت کی۔

ای پیپر-دی نیشن