وارڈن کا غریب ریڑھی بان پر تشدد گھونسوں کی بارش سے بے ہوش ہوگیا
لاہور(نامہ نگار) لاہور ہائیکورٹ کے سامنے وارڈن نے مبینہ طور پر غریب ریڑھی بان کو سرعام تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ ٹریفک پولیس کا مختلف تربیتی کورسز کے بعد بھی رویہ نہ بدل سکا، مال روڈ پر ہائی کورٹ کے سامنے چنوں کی ریڑھی لگانے والے ابوذر خان نامی شخص کو ڈیوٹی پر مامور فیصل نامی وارڈن نے مبینہ طور پر بد ترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ ریڑھی بان کا کہنا ہے کہ ٹریفک واڑد نے ریڑھی ہٹانے کا کہا اور چند ہی لمحوں بعد تلخ کلامی کرتے ہوئے پیٹ میں گھونسوں کی بارش کر دی جس سے ریڑھی بان بے ہوش ہوگیا۔ موقع پر موجود شہریوں نے ریسکیو بائیک کو کال کی اور ریڑھی بان کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔