• news

بی جے پی فرقہ، مذہب کے نام پر تقسیم کی راہ پر گامزن ہے: ممتا بینرجی

کولکتہ (صباح نیوز) مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے ایک بار پھر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پرفرقہ پرستی کی سیاست کرنے کا الزام لگایا۔ بھارت کی ریاست مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتا بنرجی نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی فرقہ پرستی کی سیاست کررہی ہے اور لوگوں کو مذہب کے نام پر تقسیم کرنے کا کام کررہی ہے جسے بنگال کے لوگ برداشت نہیں کریں گے۔ بی جے پی کو یہاں قبولیت نہیں ملی ہے جس کی وجہ سے وہ ایسے کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مجھے ان لوگوں سے نفرت ہے جو اپنا وجود قائم رکھنے کے لئے دوسروں کے مذہبی عقیدوں کا استعمال کرتے ہیں ۔ کوئی شخص کون سے مذہب کو مان رہا ہے یہ اس کا نجی معاملہ ہے۔ کوئی بھی کسی دوسرے شخص پر کسی مذہب کو تھوپ نہیں سکتا۔ حکمراں لوگوں کا فرض ہے کہ وہ لوگوں کو متحد کریں نہ کہ تقسیم کریں۔ بنرجی نے کہاکہ ہندو اور مسلمان دونوں کے خون کا رنگ لال ہے۔ بنگال میں مختلف مذاہب اور عقیدہ کے لوگ بھائی چارہ کے ساتھ متحد ہوکر رہتے ہیں۔ انہوں نے تمام سے پرامن طریقہ سے رہنے کی اپیل کی۔ دوسری جانب نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے دعوی کیا ہے کہ پورا ہندوستان اس وقت فرقہ پرستی کی لپیٹ میں آچکا ہے ۔ملک کی سالمیت اور آزادی کے لئے بھی بہت بڑا خطرہ ثابت ہوسکتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن