• news

ہائی کورٹ : کالا باغ ڈیم نہ بنانے پر نواز شریف، شہباز‘ پرویز اشرف و دیگر کو نوٹس

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ نے کالا باغ ڈیم نہ بنانے پر برطرف وزیراعظم میاں نواز شریف، سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف سمیت چاروں صوبائی وزرائے اعلی کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کر دیئے۔ مسٹرجسٹس شاہد کریم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست میںسابق وزیراعظم میاں نواز شریف، وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف , سابق وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ .وزیر اعلی خیبر پی کے پرویز خٹک اور سابق وزیر اعلی بلوچستان عبدالمالک بلوچ سمیت دیگر کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ عدالت نے 2012ء میں حکم دیا تھا کہ مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلے کی روشنی میں کالا باغ ڈیم بنایا جائے ۔ تاہم عدالتی حکم کو پانچ سال گزرنے کے باوجود اس پر عمل نہیں کیا گیا جو توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔ عدالتی حکم کی عدم تعمیل پر میاں نواز شریف سمیت فریقین کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے درخواست گزار کے مطابق اس وقت ملک میں پانی و توانائی کے بحران کے حل کے لیے کالا باغ ڈیم ناگزیر ہے جبکہ حکومتیں ماضی میں کالا باغ ڈیم کو سیاسی مصلحت کے تحت نظر انداز کرتی آئی ہیں۔ عدالت ڈیم بنانے کے حکم پر فوری عمل درآمد کا حکم دے۔ عدالت نے درخواست کی سماعت کے بعد میاں نواز شریف سمیت فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 11 دسمبر کو جواب طلب کر لیا ۔

ای پیپر-دی نیشن