پیاز نے مہنگائی میں سب اشیا کو پیچھے چھوڑ دیا، رواں ہفتے قیمت میں 173 فیصد اضافہ
لاہور (کامرس رپورٹر) رواں ہفتے کے دوران مہنگائی کی دوڑ میں پیاز نے ٹماٹر اور دوسری سب اشیاء کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ہفتے کے دوران ہونے والی مہنگائی کے باعث مارکیٹ میں پیاز کی قیمت گزشتہ سال سے 173 فیصد زیادہ ہوگئی۔ ٹماٹر گزشتہ اکتوبر سے 92 فیصد مہنگا بک رہا ہے۔ پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق رواں سال پیاز اور ٹماٹر کے علاوہ آلو، چکن، گندم، آٹا، چاول، دال مسور، گوشت اور انڈوں کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا۔ ایل پی جی اور جلانے والی لکڑی بھی مہنگی ہوگئی۔ پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق ہفتے کے دوران کھانے پینے اور روزمرہ استعمال کی 14 اشیاء کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا جس کے باعث ہفت روزہ بنیاد پر مہنگائی میں اضافے کی اوسط شرح 2.2 فیصد ہوگئی۔ صوبائی دارالحکومت میں گزشتہ روز پرچون سطح پر ایک کلو پیاز کی قیمت میں 3 روپے اور ایک کلو ٹماٹر کی قیمت میں 4 روپے اضافہ ہوگیا ہے جس سے ایک کلو پیاز کی قیمت 70 روپے سے بڑھ کر 73 روپے اور ایک کلو ٹماٹر کی قیمت 87 روپے سے بڑھ کر 91 روپے ہوگئی ہے۔