• news

پاکستان نے قومی عزم کے ساتھ اس عفریت کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی

استنبول (این این آئی+آئی این پی+ آن لائن)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے گنی کے صدر ایلفا کونڈے نے ملاقات کی جس میں دونوں ملکوںکے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں رہنماﺅںکے درمیان 9ویں ڈی ایٹ سربراہ اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنماﺅں کے درمیان دفاع ، زراعت ، تعلیم ، ریلوے، بینکنگ اور تعمیرات کے شعبہ میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا افریقہ کیلئے پاکستان کا وژن مضبوط قریبی دوستانہ تعلقات کو تجارت، سرمایہ کاری اوردفاعی تعاون کے ذریعہ بڑھانا ہے جبکہ پبلک پرائیویٹ شراکت داری اور مل کر آگے بڑھنا ہے۔ پاکستان اورگنی کے تعاون کے حوالہ سے شاہد خاقان عباسی نے انہیں ٹیکسٹائل ، لیدر، انفراسٹرکچر کی ترقی ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ایس ایم ایز تجربے سے مستفید ہونے کی پیش کش کی۔ انہوں نے کہا زرعی شعبہ میں پاکستان کے تجربے اور تحقیقی سہولیات گنی کو زرعی وسائل کو بہتر انداز میں استعمال کرنے میں مدد دے سکتی ہیں۔ دونوں رہنماﺅں نے متفقہ طور پر ترک صدر کی ڈی ایٹ تنظیم کو وسعت دینے اورمزید ممالک کو شامل کرنے کی تجویز کی توثیق کی ۔ دہشت گردی کے عالمی چیلنجوں پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے قومی عزم کے ساتھ اس عفریت کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ گنی کے صدر نے کہا کہ دہشت گردی ایک مشترکہ دشمن ہے اور اس سے موثر انداز میں نمٹنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ ہر شعبہ میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ گنی پاکستانی سرمایہ کاروںکیلئے اوپن ہے ۔ انہوں نے وزیراعظم کو جلد گنی کے دورہ کی دعوت دی جسے وزیراعظم نے قبول کرتے ہوئے انہیں پاکستان کے دورے کی بھی دعوت دی۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے نائیجیریا کے صدر محمد البوہارئی نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور نائیجیریا کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان اور نائیجیریا کے درمیان تجارت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں‘ جن کو دونوں ممالک کے عوام کے فائدے کیلئے بروئے کار لایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور نائیجیریا کو ایک جیسے چیلنجز کا سامنا ہے اور دونوں ممالک اس ضمن میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ نائیجریا کے صدر نے اس موقع پر پاکستان کی جانب سے نائیجریا کے فوجی افسران کو اعلیٰ معیار کی تربیت کی فراہمی کو سراہا۔
وزیراعظم

ای پیپر-دی نیشن