پاکستان کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز‘ سری لنکن سکواڈ کا اعلان‘ تھسارا پریرا کپتان مقرر
لاہور(نمائندہ سپورٹس )سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے سکواڈ کا اعلان کردیا، تاہم اہم کھلاڑیوں کے پاکستان آنے سے انکار پر ٹیم میں زیادہ تر نئے کرکٹرز شامل کیے گئے ہیں۔جن کھلاڑیوں نے پاکستان آنے سے انکار کیا، ان میں لاستھ ملنگا، دنیش چندیمل، اپل تھرنگا اورسورنگا لکمل شامل ہیں۔پاکستان کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے تھسارا پریرا کو سری لنکا کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ سکواڈ میں تھسارا پریرا (کپتان)، تھیس دلشان موناریوا، دنشکا گوناتھیلاکا، سدیرا سماراوکرمہ، آشان پرینجن، مہیلا اداوتے، دسون شناکا، سچتھ پتھیرانا، وکرم سنجایا، لاہیرو گماگے، سیکوجے پرسانا، وشوا فرنینڈو، اسورو ادانا، جیفرے ونڈرسے اور چتورنگا ڈی سلوا شامل ہیں۔سری لنکا اور پاکستان کے درمیان 3 ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 29 اکتوبر کو لاہور میں شیڈول ہے اور یہ سری لنکا کا 2009 کے بعد پاکستانی سرزمین پر پہلا انٹرنیشنل میچ ہوگا۔یاد رہے کہ مارچ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں دہشت گردوں کے حملے کے بعد پاکستان پر انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے اور اس حملے کے بعد سری لنکا پاکستان کا دورہ کرنے والی پہلی صف اول کی ٹیم ہو گی، اس سے قبل زمبابوے کی ٹیم 2015 میں پاکستان آچکی ہے۔میچ کے پاکستان میں انعقاد کے بعد سری لنکن کپتان اپل تھرنگا اور دیگر اہم کھلاڑیوں نے پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا، جس پر سری لنکن چیف سلیکٹرز نے سخت موقف اپناتے ہوئے کھلاڑیوں کو خبردار کیا تھا کہ پاکستان نہ آنے والے کھلاڑیوں کو بقیہ سیریز کے لیے بھی منتخب نہیں کیا جائے گا۔