امریکہ کی خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے اپنا قیمتی لباس عطیہ کردیا
واشنگٹن ( آن لائن )امریکہ کی خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے جب اپنے شوہر ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے کے بعد افتتاحی تقریب میں سفید رنگ کا گاؤن پہن کر ڈانس کیا تو سب نے ہی ان کے اسٹائل کی خوب تعریف کی تھی، تاہم اب یہ گاؤن ایک میوزیم کا حصہ بن چکا ہے۔ میلانیا ٹرمپ نے اپنا یہ گاؤن امریکی تاریخ پر مبنی سمتھ سونین نیشنل میوزیم کو عطیہ کردیا، جسے امریکی پرچم کے ساتھ میوزیم میں سجا دیا گیا ہے۔میلانیا ٹرمپ کا یہ گاؤن فرانسیسی نڑاد امریکی ڈیزائنر ہروے پیئر نے تیار کیا تھا۔اس دوران میلانیا نے نہ صرف امریکی تاریخ کو ایک جگہ سمیٹ کر رکھنے پر میوزیم کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا بلکہ اپنے شاندار گاؤن کے ڈیزائنر پر بھی بات کی۔ان کا کہنا تھا کہ ’ویسے تو میں اس وقت اسٹیج پر ہوں، لیکن میں اس انسان سے آپ کا تعارف کروانا چاہتی ہوں، جس نے یہ گاؤن بنایا تھا، وہ ایک بہترین آرٹس ہیں‘۔انہوں نے مزید کہا کہ ’ آپ سب ہی جانتے ہیں کہ میرے شوہر صدر بننے سے قبل سیاست کا حصہ کبھی نہیں رہے، تو آپ سوچ سکتے ہیں کہ ان کے الیکشن جیتنے کے بعد ہم سب طرح طرح کی تیاریوں میں کس حد تک مصروف ہوگئے ہوں گے، یقین کریں افتتاحی تقریب میں مجھے کیا پہننا چاہیے یہ سوچ میرے ذہن میں سب سے آخر میں آئی، اور ڈیزائنر کو اس گاؤن کو تیار کرنے کے لیے صرف دو ہفتے ملے‘۔میلانیا نے اس سے قبل ڈیزائنر کے بنائے ہوئے جوڑے کبھی زیب تن نہیں کیے، مگر وہ ہمیشہ سے ان کا جوڑا پہننے کی خواہش مند تھیں۔