دہشت گردی مقدمات جلد نمٹائے‘ اشتہاری گرفتار کئے جائیں: ہائیکورٹ
لاہور(وقائع نگار خصوصی)پنجاب کی انسداد دہشت گردی عدالتوں کے ایڈمن جج جسٹس عبدالسمیع خان نے دہشت گردی کے زیر التواء مقدمات جلد نمٹانے اورعدالتی اشتہاریوں کی گرفتاریوں کی ہدائت کر دی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عبدالسمیع خان کی سربراہی میں دہشت گردی عدالتوں کے ججز کا اجلاس لاہور ہائیکورٹ کے لائبریری ہال میں ہوا۔ پنجاب بھر کی انسداد دہشت گردی عدالتوں کے ججز ، پراسیکیوٹر جنرل پنجاب،صوبہ بھر کے آر پی اوز شریک ہوئے۔اجلاس میں مذہبی بنیادوں پر نظر بندیوں، جیلوں میں موبائل فون کے استعمال پر پابندی ، اشتہاریوں کی گرفتاریوں اور زیرالتوا مقدمات کو جلد نمٹنے کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں اشتہاریوں کی فوری گرفتاری،بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کو انٹرپول کے ذریعے وطن واپس لانے اور پنجاب بھر کی جیلوں میں جیمر لگانے کے معاملات بھی زیر غورآئے۔ جسٹس عبدالسمیع خان کی زیر صدارت اجلاس میں دہشت گردی عدالتوں کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے زیر التواء مقدمات کے چالان بروقت بھجوانے اور مقدمات روزانہ کی بنیاد پر نمٹانے کے حوالے سے انسداد دہشت گردی عدالتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔