عمران کا کرپشن کیخلاف بولنا ناٹک پی پی دور میں ہر ہفتے نیا سکینڈل آتا تھا : احسن اقبال
نارووال+ شکرگڑھ+ چک امرو+ اسلام آباد (نامہ نگاران+ اے پی پی) مائنس ون کا خواب دیکھنے والے پلس ون کی تعبیر ہوتی دیکھیں گے، عمران خان اور شیخ رشید کی جوڑی ملک کے جمہوری نظام میں نقب لگانے کی کوشش کر رہے ہیں‘ ملک بھر کے کرپٹ ترین افراد کو عمران خان تحفظ کی چھتری فراہم کر رہے ہیں، سی پیک کے مخالفین حکومت کو غیرمستحکم کرنے پر تلے ہیں، سازشی ہمیشہ کی طرح اب بھی ناکام ہونگے، حکومت نے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا، لوڈشیڈنگ کا جن قابو کر لیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال چوہدری نے اپنے آبائی گاﺅں فتووال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رکن پنجاب اسمبلی رانا منان خان اور چیئرمین ضلع کونسل نارووال احمد اقبال بھی موجو تھے۔ انہوں نے کہا جب حکومت سنبھالی تو بہت سے چیلنجز درپیش تھے، حکومت نے تباہ حال اداروں کو دوبارہ پاﺅں پر کھڑا کیا، عمران خان جیسے ناتجربہ کار کھلاڑی کے سپرد ملک کی بھاگ ڈور کیسے کی جا سکتی ہے، حکومت گرانے اور جمہوری عمل کا بوریا بستر لپیٹنے کی کوشش میں عمران خان اور دیگر غیرجمہوری قوتیں ہمیشہ کی طرح ناکام ہوں گی‘ سازشی عناصر مارچ میں ہونے والے سینٹ انتخابات سے پہلے حکومت گرانے کا خواب دیکھ رہے ہیں، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی بلکہ 2018ءکے انتخابات میں بھرپورکامیابی حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیب چیئرمین کے لئے تین لوگوں کو نامزد کرنے والوں کو اپنے صوبے میں ایک بھی قابل آدمی احتساب کمشن کےلئے نہیں ملا۔ پی ٹی آئی انتخابات میں پیسے کے استعمال اور دھاندلی کی رپورٹ دینے والے جسٹس وجیہہ الدین کو پارٹی سے نکال دیا گیا، میٹرو پر تنقید کرنے اور اسے جنگلا بس کہنے والے پچاس ارب روپے کے قرض سے پشاور میں میٹرو بنا رہے ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سوشل میڈیا کو مادر پدر آزادی نہیں دی جا سکتی، نیا ضابطہ اخلاق بنانا ہوگا، سوشل میڈیا ایکٹوسٹس کو ہراساں کرنے کے واقعات کے تدارک کے لئے موثر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، نیب عدالت کے باہر رینجرز اہلکاروں کے روکے جانے کے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس معاملے کی انکوائری کی جا رہی ہے، کچھ لوگ اسلام کے ٹھیکیدار بنے ہوئے ہیں جو لوگوں کے ایمان کا خود فیصلہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں، مجھ سمیت تمام پارلیمنٹیرین ختم نبوت پر مکمل یقین رکھتے ہیں، تمام اداروں کے درمیان ہم آہنگی ہے، تاہم فوج اور عدلیہ کی طرح پارلیمنٹ کے تقدس کو بھی اتنا ہی مقدم اور مقدس سمجھا جانا چاہئے۔آصف علی زرداری کے حسن اور حسین نواز کی گرفتاری کے مطالبہ پر انہوں نے کہا کہ زرداری صاحب کے منہ سے ایسی باتیں زیب نہیں دیتیں، ان کے سکینڈلز اور کرپشن کی دنیا بھر میں مثالیں دی جاتی ہیں۔ علاوہ ازیں احسن اقبال نے ریڈیو پاکستان سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ حکومت نے نیا پاکستان بنانے کیلئے متعدد میگا ترقیاتی منصوبہ شروع کئے اور متعدد مکمل کرائے۔ جمہوری نظام کیخلاف سازش کرنے والے عناصر کو ناکامی ہو گی۔
احسن اقبال