بلاول ہماری امید، ابھی وقت لگے گا، مائنس ون، ٹو، تھری فارمولے ناکام ہوچکے: خورشید شاہ
سکھر (نامہ نگار+ نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں مائنس ون ٹو یا تھری کا فارمولا نیا نہیں بہت پرانا ہے اور یہ سب ناکام ہوچکے، اب یہ فیصلہ کسی اور کو کرنے کے بجائے عوام اور پارلیمنٹ کو کرنا چاہیے اور سب سے زیادہ یہ حق عوام کا ہے۔ ملک میں جمہوریت کے دعویدار اور تبدیلی کی باتیں کرنے والے بہت ہیں مگر قائد اعظم کے بعد پاکستان کو بنایا صرف ذوالفقار علی بھٹو نے تھا جسے قائم رکھنا پیپلزپارٹی کی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے روہڑی کے قریب تاریخی شہر اروڑ میں جلسے سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیب سے بہتر کارکردگی کی امید ہے جسٹس جاوید اقبال نے ابھی چارج سنبھالا ہے ان سے ہمیں امید ہے کہ وہ آئین اور نیب کے قانون کے مطابق کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں وہ بھی سیاستدان ہیں جن کے کارکن ان کے گھروں کے باہر ڈنڈے کھا رہے ہوتے ہیں مگر وہ گھر سے باہر تک نہیں نکلتے ہم ہیں کہ اپنے کارکنوں کا تحفظ کرتے ہیں ان کیلئے ڈنڈے کھاتے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ عمران نے اگر سندھیوں کو ٹھکرا دیا تو اسکی سیاست نہیں چل سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک قرضے لے کر تباہ ہوچکا ہے ہمارے نوجوان بے روزگار گھوم رہے ہیں۔ ہمارے قریبی دوست ممالک ہمارا ساتھ دینے کو تیار نہیں، کوئی ایسا ملک نہیں ہے جو پاکستان کے حالات دنیا کو بتائے ماضی میں سرمایہ کا ری کا نہ ہونا ہماری سب سے بڑی ناکامی ہے اگر ماضی میں سرمایہ کاری ہوتی تو ہمارے ملک کے نوجوان یوں بیروزگار نہ گھوم رہے ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آئل ریفائنری کو پرویز مشرف کے ددور میں کوڑیوں کے داموں بیچا گیا اس کی جو رقم لی گئی وہ اس کی زمین کی رقم سے بھی کم تھی اس کی تحقیقات ہونی چاہئے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ بلاول بھٹو سے امیدیں ہیں مگر ابھی وقت لگے گا۔ غلط پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان ٹوٹ گیا‘ ضیاءالحق نے آکر پاکستان کی تعمیر و ترقی کو ختم کر دیا۔ آج گالی کی سیاست نے ملک کو تباہ کردیا ہے‘ عالمی ممالک پاکستان کے مخالف ہیں۔ ہم امریکہ اور روس کی جنگ کا حصہ بن کر تباہ ہو گئے۔ عوام کو نیا پاکستان ذوالفقار علی بھٹو نے بنا کر دیا۔ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو 50 سال پورے کررہی ہے۔ آج پھر نعرے لگ رہے ہیں کہ نیا پاکستان بنائیں گے۔ بلاول اپنی والدہ اور نانا کی طرح بڑے لیڈر بنیں گے۔ بھارت مسلم ممالک کو پاکستان کیخلاف اُکسا رہا ہے۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا ہم نے اپنی معیشت تباہ کردی۔ قرضے لیکر حکومتیں چلائی جاتی ہیں۔ حکمران ارب پتی ہورہے ہیں عوام مر رہے ہیں۔
خورشید شاہ