ٹوبہ: اختیارات کی خماری، گاڑی اوورٹیک کرنیوالے قومی کرکٹر کو ڈی پی او نے حوالات میں بند کروا دیا
ٹوبہ ٹیک سنگھ+لاہور (نمائندہ خصوصی+نمائندہ سپورٹس) اختیارات کی خماری ،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرعثمان اکرم گوندل کی گاڑی کو اوورٹیک کرنے والے انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میچ میں شرکت کیلئے دبئی جانے والے قومی کرکٹر عامر یامین کو ڈی پی او نے حوالات میں بند کروا دیا۔ پی سی بی حکام کی مداخلت کے باعث ایک گھنٹے بعد رہائی ممکن ہوئی،بیان کیا جاتا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کرکٹر عامر یامین جوپاکستان سری لنکا انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے میچزمیں شرکت کیلئے لاہور سے بذریعہ فلائٹ دبئی روانگی کیلئے اپنی کار میں ملتان براستہ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے لاہور جا رہے تھے کہ گوجرہ کے قریب پہلے موٹر سائےکل رکشہ، پھر ڈی پی او کی گاڑی کو اوورٹیک کیا جو ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ عثمان اکرم گوندل کو ناگوار گزرا اور انہوں نے قومی کرکٹر عامر یامین کو روک کر گرفتار کروا کر تھانہ سٹی گوجرہ کی حوالات میں بند کروا دےا۔ قومی کرکٹر عامر ےامین کی ڈی پی او کو اپنی شناخت کروانے کے باوجود ایک نہ چلی۔ بالآخرپی سی بی حکام کی مداخلت پر قومی کرکٹر عامر یامین کو ایک گھنٹہ بعد رہائی مل سکی جس کے بعد عامر ےامین کی لاہور روانگی ممکن ہو سکی۔ دریں اثنا ایس ایچ او گوجرہ سٹی کا کہنا ہے کہ عامر یامین دوران ڈرائیونگ غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہے تھے، انہیں گاڑی چلاتے ہوئے موبائل فون کے استعمال کی وجہ سے روک کر تھانے لے جایا گیا جہاں ان سے مزید تفصیلات لی گئیں۔ کرکٹر نے اپنا تعارف بھی کروایا، بعد ازاں عامر یامین کو چھوڑ دیا گیا۔ وہ وقت نیوز کے پروگرام گیم بیٹ میں گفتگو کر رہے تھے۔ ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ عامر یامین کی غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کی وجہ سے ٹریفک میں خلل واقع ہو رہا تھا ۔انہوں ڈی پی او کی گاڑی کو اوور ٹیک کرنے کے واقعہ کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس چالان بک نہیں ہوتی، کسی کو پوچھنے کیلئے روکنے میں کوئی برائی نہیں ہے۔
ڈی پی او/ عامر یامین