عوامی خدمت سے عاری سیاستدان ملک وقوم کا وقت ضائع نہ کریں اور ملک کی تیزرفتاری ترقی دیکھ کر مخالفین پریشان ہونا چھوڑ دیں : شہباز شریف
لاہور(خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے سیاست کو ہمیشہ عوام کی خدمت کا ذریعہ سمجھا ہے اور گزشتہ سوا چار برس کے دوران مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوامی خدمت کی نئی مثالیں قائم کی ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے دور میں ہونیوالی تیزرفتار ترقی کی کوئی اور مثال ملک کی 70سالہ تاریخ میں نہیں ملتی اور یہی وجہ ہے مسلم لیگ ن آج بھی ملک کی مقبول ترین جماعت ہے اور آئندہ عام انتخابات میں بھی عوامی خدمت، دیانت، محنت اور شفافیت کی سیاست کی جیت ہوگی۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں اور کارکنوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلی نے کہا سیاست کو ذاتی ایجنڈے کی تکمیل کا ذریعہ بنانے والوں کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔ ذاتی مفادات کو قومی مفادات پر ترجیح دینے و الے کبھی ملک وقوم کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے اور ایسے سیاستدانوں کا محاسبہ عوام کریں گے۔ الزام تراشی، انتشار اور جھوٹ کی سیاست پاکستان کے عوام کو کسی صورت گوارہ نہیں۔ ملک کے باشعور عوام نے منفی سیاست کرنیوالوں کو ہر محاذ پر مسترد کیا ہے۔ 2018ئ کے عام انتخابات میں بھی ان عناصر کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا مسلم لیگ(ن) حکومت کی ترقیاتی حکمت عملی کا محور عام آدمی کی بھلائی اور خوشحالی ہے اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے دن رات ایک کررکھا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیاست کو کھیل تماشہ سمجھنے والے شکست خوردہ سیاسی عناصر عوام پر رحم کریں اور عوام کی ترقی کے سفر کو آگے بڑھنے دیں۔ سیاسی مخالفین کی رکاوٹوں کے باوجود منصوبوں کو شفافیت اور تیز رفتاری سے مکمل کیا گیا ہے۔ مسلم لیگ(ن) کے دور میں ہونیوالی ملک کی تیزرفتار ترقی مخالفین کو کھٹک رہی ہے اور خود عوام کیلئے کچھ نہ کرنیوالے ہی عوام کے فلاحی منصوبوں کی مخالفت کررہے ہیں۔ سیاسی مخالفین یاد رکھیں پاکستان کو آگے بڑھنے سے روکنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہو گی۔ عوامی خدمت سے عاری سیاستدان ملک وقوم کا وقت ضائع نہ کریں اور ملک کی تیزرفتاری ترقی دیکھ کر مخالفین پریشان ہونا چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہا قوم کو مسائل اور مشکلات سے دوچار کرنیوالوں کو عوام کی بدلتی ہوئی تقدیر سے تکلیف ہورہی ہے۔ کامیابی نعروں، تقریروں اور خالی دعووں سے نہیں ملتی۔ عوام کی حقیقی خدمت سے ہی کامیابی ملتی ہے۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ(ن) کی حکومت کی شب وروز کی محنت کے باعث پاکستان کی ترقی وخوشحالی کی منزل کے حصول کا خواب پورا ہو رہا ہے۔ پاکستان کو نفاق نہیں بلکہ اتفاق کی طاقت سے آگے بڑھنا ہے۔ پاکستان کی ترقی وخوشحالی کیلئے سب کو ملکر چلنا ہے۔ باہمی اتحاد سے ہی قوم کو اس کی کھوئی ہوئی منزل سے ہمکنار کیا جا سکتا ہے۔ مزید براں شہبازشریف نے سینئر صحافی و نوائے وقت کے سپورٹس رپورٹر اشرف چودھری کے والد اور کراچی میں سعودی عرب کے قونصل جنرل عبداللہ عبدالدائم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔
شہباز شریف