• news

ارکان کی وفاداریاں تبدیل کرانے کیلئے دباﺅ ڈالا جا رہا ہے‘ متحدہ نے اسمبلیوں اور سینٹ سے استعفوں کی دھمکی دیدی

کراچی (آن لائن+آئی این پی) ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے سینٹ اور قومی اسمبلی کی سیٹوں سے استعفے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے ارکان سندھ اسمبلی کو وفاداریاں تبدیل کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ 5نومبر کو ناانصافیوں کے خلاف مزار قائد پر مظاہرہ کریں گے، کراچی کے علاقے بہادر آباد میں ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز میں ایم کیو ایم کے ممبران پارلیمان کے اہم اجلاس کے بعد رہنماو¿ں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ فیصلے کی گھڑی آگئی، ایم کیو ایم پاکستان کے ارکان سندھ اسمبلی کو وفاداریاں تبدیل کرنے پر مجبورکیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کودرپیش حالات کا احوال عوام کو بتانا چاہتے ہیں، موجودہ حالات میں حکمت عملی سے میڈیا اور عوام کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں، ایم کیو ایم پاکستان کے ارکان پر دباﺅ سے متعلق ثبوت ابھی نہیں، ابتدا میں جانیوالے ارکان شاید مرضی سے گئے ان پر اپنا دعویٰ واپس لیتا ہوں، لندن سے علیحدہ ہوئے ڈیڑھ سال ہوگیا، ایم کیو ایم ارکان صوبائی اسمبلی کی وفاداریاں تبدیلی کی وجہ ناقابل فہم ہے، انہوں نے کہاکہ اپنے ارکان اسمبلی اور سینٹیرز سے پوچھا کہ مطمئن نہیں تو بتائیں، ارکان سے کہا وزیر اعظم، آرمی چیف تک تحفظات نہ پہنچائیں تو جو چور کی سزا وہ ہماری، تمام سینٹیرز اور ارکان اسمبلی کو آپ کے سامنے بیٹھا سکتے ہیں، میں مانتا ہوں کہ کچھ ارکان اسمبلی شروع میں اپنی مرضی سے گئے، ہمیں یقین ہے کہ یہ اداروں کی پالیسی ہے نہ افواج پاکستان کی، جو کہہ کر جائے گا اس کی عزت میں اضافہ ہوگا، ڈیڑھ سال بعد بھی ثابت قدمی سے پاکستان کےساتھ کھڑے ہیں ، آج بھی معاملہ جوں کا توں ہے اور ارکان پی ایس پی میں جارہے ہیں، بظاہر اس کی کوئی معقول وجہ نظر نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے تمام ارکان اپنی ڈیوٹیاں دے رہے ہیں، ہم نے آج آخری مرتبہ اپنے ارکان اسمبلی سے کہا ہے کہ وہ بتا دیں،آج سب کو آخری موقع دیا جارہا ہے کہ اپنا دل کھول کر بات کریں، فاروق ستار نے کہا کہ مردم شماری کےخلاف ہم نے عدالتوں میں کیس کئے ہیں، 5 نومبر کو ناانصافیوں کے خلاف مزار قائد پر مظاہرہ کریں گے، ہمیں وفاق سے نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے، انہوں نے کہا ایم کیو ایم چھوڑ کر جانے والے ارکان تنخواہیں اور الاو¿نسز بھی لے رہے ہیں، سینٹ انتخابات میں وفاداریاں تبدیل کرنے والے نیلام گھر سجائیں گے، ارکان پیسے لے کر پیپلز پارٹی کو ووٹ ڈالیں گے، فاروق ستار نے مطالبہ کیا کہ مستعفی ارکان کے استعفے فوری طور پر منظور کئے جائیں، قومی اور سندھ اسمبلی کے سپیکر اس معاملے کو دیکھیں، انہوں نے کہا کہ ہم اپنے حلقوں میں عوام کے پاس جانے کو تیار ہیں، ہمارے مینڈیٹ کی توہین کی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ تاثر ہے کہ ایم کیو ایم کو بتدریج ختم کیا جا رہا ہے، ہمارا ایک گمان ہے جو یقین میں تبدیل ہو رہاہے، یہ سلسلہ رکنا چاہیے، ہمیں زندہ رہنے کا حق ملنا چاہیے، نارتھ ناظم آباد سے گرفتار کارکن پی ایس پی کے کیمپ سے برآمد ہوا، انہوں نے کہاکہ ہمیں بتا کر جائے تو کوئی مسئلہ نہیں ہے،کوئی دباﺅ میں جاتا ہے تو ہماری دل شکنی ہوتی ہے، انہوں نے کہا کہ آج اجلاس میں ایم کیو ایم ارکان اسمبلی سے استعفے لے لیے ہیں ، الیکشن کمشن ایم کیو ایم پاکستان سے مستعفی ارکان اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی الیکشن کرائے، پی ایس پی سینٹ میں ہماری نمائندگی ختم کرنے کا آلہ کار بن رہی ہے ، مارچ کے سینٹ انتخاب میں پی ایس پی کی وجہ سے مہاجروں کو نقصان ہوگا، فیصلے کا براہ راست اثر مارچ میں ہونی والے سینٹ انتخابات پر ہوگا، شہری آبادی کی سینٹ میں نمائندگی ختم کرنےکی سازش ہورہی ہے، اب تک ہماری سینٹ کی ایک سیٹ کو خطرہ پہنچایا گیا ہے۔ ہمارے کسی سینیٹر، ایم این اے یا ایم پی اے نے ہماری مرضی کے بغیر کوئی کام کیا توسینٹ ، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی سے مستعفی ہوجائیں گے ، وفاداریوں کی تبدیلی ناقابل فہم اور ناقابل قبول ہے ، ایم کیو ایم پاکستان کے ارکان سندھ اسمبلی کو وفاداریاں تبدیل کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے ،شہری آبادی کی سینٹ میں نمائندگی ختم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔
متحدہ/دھمکی

ای پیپر-دی نیشن