• news

نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 2 روپے 19 پیسے یونٹ کمی کی منظوری دیدی

اسلام آباد(اے این این ) نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 2 روپے 19 پیسے کمی کی منظوری دے دی ہے۔پیر کو چئیرمین نیپرا طارق سدوزئی کی زیر سربراہی نیپرا میں بجلی کے ٹیرف میں ردو بدل کی سماعت ہوئی۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی(سی پی پی اے)کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں 7 پیسے کمی کی درخواست کی گئی تاہم چیئرمین نیپرا نے سی پی پی اے کی درخواست مسترد کردی اور بجلی کی قیمتوں میں 2 روپے 19 پیسے کمی کی منظوری دے دی۔بجلی کی قیمتوں میں کمی کے بعد صارفین کو مجموعی طور پر 25 ارب روپے کا ریلیف ملے گا جب کہ نرخوں میں کمی کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت 3 سو یونٹ تک استعمال کرنے والے گھریلو اور زرعی صارفین پر نہیں ہو گا۔نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کے مطابق اتھارٹی کے سامنے ستمبر کی بجلی پیداوار اور لاگت کے اعدادو شمار پیش کیے گئے جس کے مطابق ستمبر میں 11 ارب 48 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی جس پر کل لاگت 46 ارب 63 کروڑ روپے رہی۔نیپرا نے ستمبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں فی یونٹ 2 روپے 19 پیسے بجلی سستی کرنے کی منظوری دی ہے جب کہ 19 ارب روپے سے زیادہ کے بقایاجات وصولی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر بقایاجات کی تفصیلات طلب کرلیں۔
بجلی سستی

ای پیپر-دی نیشن