• news

پانامہ اور عمران خان کے کیس میں زمین آسمان کا فرق ہے: فواد چوہدری

اسلام آباد(صباح نیوز)تحریک انصاف کے ترجمان بیرسٹر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کے کیس اور پاناما کیس میں زمین آسمان کا فرق ہے،کہ نوازشریف اور ان کا خاندان پاناما کیس میں ایک بھی سوال کا جواب نہیں دے پایا ان کے سارے اقامے منی لانڈرنگ کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ(ن)لیگی رہنما حنیف عباسی کی جانب سے عمران خان پر کئے گئے کیس میں اب کچھ باقی نہیں بچا، عمران خان نے 41 سالہ پرانا ریکارڈ بھی جمع کرادیا اور عدالت کو بتایا کہ نیازی سروسز میں ان کا ایک روپے کا بھی شئیرنہیں تھا اور لندن فلیٹ کیری پیکر سیریز کھیل کر خریدا جبکہ ان کی سابقہ بیوی جمائما خان نے بھی تمام پیسوں کی منی ٹریل بھیج دی ہے اور وہ بینک ٹرانزیکشن ہے کوئی قطری خط نہیں۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نوازشریف اور ان کا خاندان پاناما کیس میں ایک بھی سوال کا جواب نہیں دے پایا ان کے سارے اقامے منی لانڈرنگ کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کسی کی خواہش پر فیصلہ نہیں کرتی اور نہ ہی عدالت عظمی میں جوبھاٹی تھانے کا انصاف ہے یہاں حقائق کی بنیاد پر فیصلے ہوتے ہیں پاناما کیس اور عمران خان کے خلاف کئے گئے کیس میں زمین آسمان کا فرق ہے،(ن)لیگ کا کیس ختم ہوچکا ہے ان کے وکیل کے پاس کہنے کیلئے کچھ نہیں وہ بلاوجہ کیس کو طول دینے کی کوشش میں وقت گزار رہے ہیں اور آج پھر دو دن کی مہلت مانگ لی۔

ای پیپر-دی نیشن