محفوظ مشہدی، سردار محمد خان لغاری ساتھیوں سمیت جے یو پی میں شامل، جمہوری نظام چلنے دیا جائے: اویس نورانی
لاہور (خصوصی نامہ نگار ) جے یوپی (نورانی) کے مرکزی سیکرٹری جنرل پیر سید محفوظ شاہ مشہدی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات سردار محمد خان لغاری اپنے ساتھیوں سمیت جمعیت علماء پاکستان میں شمولیت اختیار کر لی۔ شمولیت کا اعلان ان رہنمائوں نے جے یو پی کے صدر پیر اعجاز ہاشمی کی رہائش گا ہ پر مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ شمولیت اختیار کرنے والوں میں صاحبزادہ محمد اکرم شاہ، علامہ خادم حسین شرقپوری، پیر سید محمد اقبال شاہ، صاحبزادہ سعید احمد گجراتی، علامہ نصیر احمد اویسی، پیر سید واجد شاہ گیلانی، مولانا قاری نصیر احمد گجراتی اور دیگر شامل ہیں۔ اس موقع پر پیر اعجاز ہاشمی نے محمد اکر م شاہ کو چیئرمین سپریم کونسل، پیر محفوظ شاہ مشہدی کو وائس چیئرمین، سردار محمد خان لغاری کو مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل، محمد اقبال شاہ کو مرکزی نائب صدر اور سعید احمد گجراتی کو جے یو پی کا مرکزی آرگنائزنگ سیکرٹری مقرر کرنے کا بھی اعلان کیا، اور کہا کہ جے یو پی آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔ جے یو پی کے سیکرٹری جنرل صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا کہ جمعیت علماء پاکستان ہی اہل سنت کا نمائندہ سیاسی پلیٹ فارم ہے اور پرانے ساتھیوں کی جے یو پی میں واپسی خوش آئند ہے، ہم سب ملکر جے یو پی کے خلاف سازشوں ناکام بنائیں گے۔ امپائر کی انگلی اٹھنے کا انتظار کرنے والے جمہوریت کے دشمن ہیں۔ موجودہ جمہوری نظام کو چلنے دیا جائے۔ خفیہ ہاتھ سیاستدانوں کو ایک دوسرے کے خلاف استعمال کرتے ہیں۔ رکن پنجاب اسمبلی پیر سید محفوظ شاہ مشہدی نے کہا کہ میں پیر اعجاز ہاشمی اور شاہ اویس نورانی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتا ہوں۔